وزیراعلیٰ مریم نواز کا 50 ایکڑ پر مشتمل پنجاب فلم سٹی کے قیام کا اعلان

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں 50 ایکڑ پر مشتمل جدید پنجاب فلم سٹی کے قیام کا اعلان کر دیا، جس کا مقصد فلمی اور ڈیجیٹل میڈیا صنعت کو نئی زندگی دینا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں فلمی اور میڈیا صنعت کے فروغ کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے 50 ایکڑ پر مشتمل پنجاب فلم سٹی کے قیام کا اعلان کر دیا ہے، یہ منصوبہ لاہور میں قائم کیے جانے والے نواز شریف آئی ٹی سٹی میں بنایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ کے مطابق فلم سٹی منصوبہ ملک کا پہلا مکمل ’اینڈ ٹو اینڈ‘ میڈیا پروڈکشن حب ہوگا، جہاں فلم، ٹی وی، اینیمیشن اور ڈیجیٹل میڈیا کے لیے تمام جدید سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے پاکستان کی فلمی صنعت کی بحالی جدید ٹیکنالوجی، وسائل اور عالمی معیار کی سہولیات کے ذریعے ممکن بنائی جائے گی، جبکہ وی ایف ایکس اور پوسٹ پروڈکشن کے لیے بیرون ملک انحصار میں نمایاں کمی لائی جائے گی۔

فلم سٹی میں جدید سٹوڈیوز، ساؤنڈ سٹیجز اور پوسٹ پروڈکشن لیبز قائم کی جائیں گی، جبکہ شوٹنگ کے لیے مختلف سیٹس، مکمل سہولیات اور ایک مرکزی جھیل بھی منصوبے کا حصہ ہوگی۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی ایونٹس اور ایوارڈ شوز کے انعقاد کے لیے کنونشن ہالز بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ منصوبے میں میڈیا ٹریڈ ہب، فلم اور میوزک سکول کا قیام بھی شامل ہے، جو نئی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا، پنجاب فلم سٹی سے ہزاروں براہِ راست اور بالواسطہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ اینیمیشن، گیمنگ اور ڈیجیٹل میڈیا کے شعبوں کو بھی تقویت ملے گی۔

مریم نواز شریف کے مطابق یہ منصوبہ تخلیقی معیشت کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور ٹیلنٹ، ٹیکنالوجی اور کاروبار کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گا، منصوبہ مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا جبکہ اس کی مزید تفصیلات جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں