کراچی: سٹریٹ کرائم کی وارداتیں تھم نہ سکیں، حسین آباد میں 5 نوجوان لُٹ گئے
کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے جہاں حسین آباد میں 5 نوجوانوں کو لوٹ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان گلی میں کھڑے نوجوانوں کے قریب آکر رکتے ہیں، پیچھے بیٹھا ڈاکو اسلحہ نکال کر نوجوانوں کی جانب بڑھتا ہے، ملزم نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا اور وہ بائیک پر ہی سوار رہتا ہے۔
اسی دوران 2 نوجوان نظر بچا کر اپنا موبائل فون زمین پر پھینک دیتے ہیں، ملزم اسلحہ کے زور پر نوجوانوں کے موبائل فونز اور نقدی چھینتا ہے اور واردات کے بعد دونوں ملزمان فرار ہو جاتے ہیں۔
ڈاکوؤں کے جاتے ہی دونوں نوجوان اپنا موبائل فون زمین پر سے اٹھا لیتے ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔