تاجروں نے مانیٹری پالیسی میں اضافہ مسترد کر دیا، متوازن حکمت عملی اپنانے کا مطالبہ
کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین یونائیڈ بزنس گروپ کراچی احمد چنائے نے کہا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے حالیہ پالیسی ریٹ میں اضافہ کاروباری برادری کیلئے شدید تشویش کا باعث ہے۔
چیئرمین یونائیڈ بزنس گروپ کراچی احمد چنائے نے کہا کہ خصوصاً ایسے وقت میں جب تجارتی اور صنعتی شعبے پہلے ہی مالی دباؤ کا شکار ہیں، اگرہم مہنگائی پر قابو پانے کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہیں لیکن اس قدر سخت مانیٹری پالیسی معیشت کی رفتار کو مزید سست کر سکتی ہے۔
احمد چنائے نے کہاکہ مانیٹری پالیسی میں اضافہ موجودہ حالات میں ملک کے مفاد میں نہیں، شرح سود میں اضافے سے کاروبار کرنے کی لاگت نمایاں طور پر بڑھ جاتی ہے جس کے باعث تاجروں، برآمد کنندگان اورصنعتکاروں کے لئے ورکنگ کیپیٹل حاصل کرنا اور اپنے کاروبار کو جاری رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس فیصلے سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار بند ہونے یا سکڑنے پر مجبور ہو سکتے ہیں، ٹیکسٹائل اور کپڑے کی مارکیٹیں پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، اس فیصلے سے ٹیکسٹائل اور کپڑے کی مارکیٹیں متاثر ہوں گی۔
چیئرمین یونائیڈ بزنس گروپ کا مزید کہنا ہے کہ عوام کی قوت خرید میں کمی اورمالیاتی لاگت میں اضافے کے باعث مارکیٹ سرگرمیاں متاثر ہوں گی، پالیسی سازوں سے مطالبہ کرتے ہیں وہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک متوازن اور مشاورتی حکمت عملی اپنائیں۔