پی ایس ایل 11 کا پلے آف مرحلہ آج سے شروع ہوگا

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں ایڈیشن کا پلے آف مرحلہ آج سے شروع ہوگا۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں شام 7 بجے ٹکرائیں گی۔

کل پہلے ایلیمنیٹر میں حیدرآباد کنگز مین اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں لاہور میں مدمقابل ہوں گی، دوسرا ایلیمنیٹر بھی لاہور میں ہی یکم مئی کو کھیلا جائے گا، لیگ کا فائنل 3 مئی کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کوالیفائر اور دونوں ایلیمنیٹرز کے لیے میچ آفیشلز پینل کا اعلان کردیا گیا۔

آئی سی سی ایلیٹ پینل میچ ریفری رچی رچرڈسن 28 اپریل کو ہونے والے اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے کوالیفائر میچ میں ریفری ہوں گے۔

نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے کرس گیفنی اور انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے ایلکس وارف کوالیفائر میں آن فیلڈ امپائر ہوں گے، دونوں آئی سی سی کے انٹرنیشنل ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل ہیں۔

کوالیفائر کیلئے آئی سی سی انٹرنیشنل پینل ایمپائر فیصل خان آفریدی اور پی سی بی نیشنل ایلیٹ پینل امپائر ذوالفقار جان بالترتیب تھرڈ اور فورتھ امپائر ہوں گے۔

دونوں ایلیمنیٹرز میں میچ ریفری کا کردار سری لنکا سے تعلق رکھنے والے تجربہ کار روشن مہانامہ ادا کریں گے۔

روشن مہانامہ کو پی ایس ایل کے ہر ایڈیشن میں بطور میچ ریفری کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے، روشن مہانامہ اب تک پی ایس ایل کے 127 میچز میں بطور میچ ریفری فرائض انجام دے چکے ہیں۔

حیدر آباد کنگز مین اور ملتان سلطانز کے مابین 29 اپریل کو لاہور میں کھیلے جانے والے پہلے ایلیمنیٹر میں بنگلادیش کے شاہد سیکت اور آصف یعقوب آن فیلڈ امپائر ہوں گے،شاہد سیکت آئی سی سی ایلیٹ پینل امپائر جبکہ آصف یعقوب آئی سی سی ایمرجنگ پینل امپائر ہیں۔

پہلے ایلیمنیٹر میں آئی سی سی ایمرجنگ پینل امپائر راشد ریاض تھرڈ جبکہ آئی سی سی انٹرنیشنل پینل امپائر ناصر حسین فورتھ امپائر ہوں گے، جبکہ دوسرے ایلیمنیٹر میں آئی سی سی ایلیٹ پینل امپائر احسن رضا اور شاہد سیکت آن فیلڈ جبکہ آصف یعقوب تھرڈ اور راشد ریاض فورتھ امپائر ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں