کمبوڈین حکام نے گرفتار 54 پاکستانیوں کو جلد وطن واپس بھیجنے پر اتفاق کر لیا، دفتر خارجہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سفارتی کوششوں کے نتیجے میں کمبوڈین حکام نے سیام ریپ صوبے میں گرفتار 54 پاکستانی شہریوں کو جلد وطن واپس بھیجنے پر اتفاق کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کمبوڈیا میں پاکستانی سفارتخانہ معاملے کو سنجیدگی سے اٹھاتے ہوئے مقامی حکام سے مسلسل رابطے میں رہا، وزیر خارجہ کی ہدایات کے تحت بیرون ملک پاکستانیوں کی سہولت اور تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی شہری ایک سکیم کمپاؤنڈ پر چھاپے کے دوران گرفتار کیے گئے تھے، پاکستانی سفارتخانے کا عملہ زیر حراست افراد کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کر رہا ہے، جیسے ہی پروازوں کے انتظامات مکمل ہوں گے، انہیں پاکستان روانہ کر دیا جائے گا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ کمبوڈین حکام نے ان کے خلاف آن لائن سکیمز کے خاتمے کے قانون کے تحت کوئی قانونی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم قانون کے تحت سخت سزائیں اور بھاری جرمانے عائد کیے جا سکتے تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں