حج انتظامات کا جائزہ اجلاس، عازمین کی سہولتوں پر مکمل توجہ کی ہدایت
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت حج انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں عازمین حج کی سہولتوں، طبی امداد اور رہائش سمیت مختلف انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، جوائنٹ سیکرٹری حج محمد بخش سانگی سمیت مکہ مکرمہ سے ویڈیو لنک کے ذریعے چیف کوآرڈینیٹر ڈاکٹر مرزا علی محسود، کوآرڈینیٹر ذوالفقار خان اور حج ڈائریکٹرز مکہ و مدینہ منورہ نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور نے ہدایت کی کہ عازمین حج کی آسائش اور سہولتوں کا مکمل خیال رکھا جائے، جبکہ خدام الحجاج شکایات کے فوری ازالے کے لیے مستعد رہیں۔ انہوں نے عازمین کو سعودی عرب میں قیام کے دوران قوانین کی پابندی اور ملکی وقار برقرار رکھنے کی بھی تاکید کی۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منگل 28 اپریل تک 20 ہزار سے زائد سرکاری عازمین مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں، تمام عازمین کو نسک کارڈ کی فراہمی یقینی بنا دی گئی ہے جبکہ اب تک 11 ہزار سے زائد عازمین ریاض الجنہ کی زیارت مکمل کر چکے ہیں۔
پاکستان حج میڈیکل مشن کے سربراہ کرنل ڈاکٹر توقیر نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ مدینہ منورہ میں ایک ہسپتال اور تین ڈسپنسریاں فعال ہیں، جبکہ مکہ مکرمہ میں عازمین کی تعداد کے مطابق پانچ ڈسپنسریاں قائم کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے ادویات کی ترسیل مکمل کر لی گئی ہے۔
ڈائریکٹر حج مکہ کے مطابق حرم ٹرانسپورٹ کے لیے پانچ بس اڈے مختص کیے گئے ہیں تاکہ عازمین کی نقل و حمل کو منظم اور سہل بنایا جا سکے، اجلاس میں مجموعی حج انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ عازمین حج کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔