انڈونیشیا: دو ٹرنیوں میں تصادم سے 15 افراد جاں بحق، 84 زخمی

جکارتہ: (دنیا نیوز) انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کے مشرق میں ایک ہی ریلوے لائن پر 2 ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد جاں بحق اور 84 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ پیر کی رات اس وقت پیش آیا جب ایک طویل فاصلے کی مسافر ٹرین نے بیکاسی تیمور اسٹیشن پر کھڑی ایک مسافر ٹرین کے پچھلے حصے سے ٹکر مار دی۔

رکی ہوئی ٹرین اس وقت لائن کی بحالی کا انتظار کر رہی تھی کیونکہ اس سے قبل ایک اور حادثہ پیش آیا تھا، جس میں ایک تیسری مسافر ٹرین نے ریلوے کراسنگ پر خراب کھڑی ایک ٹیکسی کو ٹکر مار دی تھی۔

تمام ہلاک اور زخمی افراد اسی کھڑی ٹرین میں سوار تھے، زیادہ تر متاثرین خواتین تھیں جو آخری بوگی میں سفر کر رہی تھیں، جسے صرف خواتین کے لیے مختص کیا گیا تھا ۔

قومی سرچ اینڈ ریسکیو ایجنسی کے سربراہ محمد سیافی نے صحافیوں کو بتایا کہ ان کی ٹیم ان زندہ بچ جانے والوں تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہے جو ٹرین کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

’کچھ متاثرین اب بھی زندہ ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ انہیں نکال لیا جائے گا۔ اس کے لیے ماہر عملے کی ضرورت ہے تاکہ احتیاط سے ریسکیو کیا جا سکے۔‘

انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو نے حادثے کی وجوہات کی فوری اور جامع تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، زخمیوں کی عیادت کے دوران انہوں نے کہا کہ ریلوے کراسنگز پر حفاظتی مسائل کے حل کے لیے مزید فلائی اوورز تعمیر کیے جائیں گے، خاص طور پر گنجان آباد علاقوں میں جہاں مناسب نگرانی موجود نہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں