مغربی غلبہ کمزور، گلوبل ساؤتھ نئے معاشی مراکز کے طور پر ابھر رہا ہے: صدر پیوٹن
ماسکو: (شاہد گھمن) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ مغربی ممالک کا عالمی غلبہ کمزور ہو رہا ہے اور اس کی جگہ گلوبل ساؤتھ میں نئے معاشی مراکز ابھر رہے ہیں۔
اوپن ڈائیلاگ بین الاقوامی فورم کے شرکاء سے ویڈیو خطاب میں صدر پیوٹن نے کہا کہ روایتی عالمی نظام اور کاروباری اصول بتدریج اپنی رفتار کھو رہے ہیں، جس کی ایک بڑی وجہ مغربی ممالک کے اقدامات ہیں، جو اب اپنی قیادت کھو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا ایک پیچیدہ اور کثیر قطبی نظام کی طرف بڑھ رہی ہے، جہاں وہ ممالک نمایاں ہو رہے ہیں جو قومی خودمختاری کی اہمیت کو سمجھتے ہیں اور اپنی ترقی کا راستہ خود منتخب کرتے ہیں۔
صدر پیوٹن کے مطابق کوئی بھی ملک تنہا ترقی نہیں کر سکتا، نہ ہی دوسروں کے نقصان پر اپنی ترقی قائم رکھ سکتا ہے، اس لیے موجودہ عالمی چیلنجز کا مقابلہ مشترکہ کوششوں اور اجتماعی ردعمل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک منصفانہ اور پائیدار عالمی نظام اسی صورت میں قائم ہو سکتا ہے جب وہ مساوات، باہمی احترام اور تمام ممالک کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دیا جائے۔
روسی صدر نے زور دیا کہ عالمی ترقی کے عمل کو اس طرح تشکیل دینا ضروری ہے کہ دنیا کے ہر خطے کے لوگوں کو کامیاب مستقبل کا حق حاصل ہو اور وہ اپنی راہ کا آزادانہ انتخاب کر سکیں۔