معرکہ حق کے ہیرو لیفٹیننٹ کرنل محمد شاہزیب رفیع کی شاندار جنگی داستان
راولپنڈی: (دنیا نیوز) معرکہ حق کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد شاہزیب رفیع نے اپنی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے آرٹلری یونٹ کی کمانڈ سنبھالی اور دشمن کے خلاف مؤثر حکمت عملی اپنائی۔
6اور 7 مئی 2025 کی درمیانی شب جب دشمن کی جانب سے سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا تو لیفٹیننٹ کرنل محمد شاہزیب رفیع کی زیر کمان یونٹ کو فوری طور پر جوابی کارروائی کا حکم دیا گیا، انہوں نے نہایت مہارت کے ساتھ اپنی یونٹ کو متحرک کیا اور بھرپور گولہ باری کا آغاز کیا۔
ان کی قیادت میں کی جانے والی بروقت اور زبردست فائرنگ کے نتیجے میں دشمن کے متعدد بریگیڈ اور بٹالین ہیڈکوارٹرز کے ساتھ ساتھ مارٹر پوزیشنز کو بھی کامیابی سے تباہ کر دیا گیا، جس سے دشمن کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
فوجی ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل محمد شاہزیب رفیع کے یونٹ کی زبردست گولہ باری نے معرکہ حق میں دشمن کی شکست میں اہم کردار ادا کیا۔
اس موقع پر اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل محمد شاہزیب رفیع نے کہا کہ اگر آئندہ دشمن نے پاکستان کے حوصلے اور عزم کو چیلنج کرنے کی کوشش کی تو اسے اس سے بھی زیادہ سخت اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
معرکۂ حق میں مثالی کارکردگی اور بہادری کے اعتراف میں لیفٹیننٹ کرنل محمد شاہذیب رفیع کو تمغۂ بسالت سے نوازا گیا۔