صدر زرداری کا شاؤشان میں ماؤ زے تُنگ کے مجسمے پر گلدستہ رکھ کر خراجِ عقیدت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر آصف علی زرداری نے شاؤشان میں چین کے انقلابی رہنما ماؤ زے تُنگ کے آبائی شہر کا دورہ کیا اور سٹیچو سکوائر پر ان کے مجسمے پر گلدستہ رکھ کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔

ایوانِ صدر (میڈیا ونگ) کے مطابق صدر آصف علی زرداری کا استقبال سینئر چینی رہنما لی جیانگ اور شاؤشان ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر ژانگ شی ہوئی نے کیا۔

اس موقع پر صدر کو ماؤ زے تُنگ کی زندگی، جدوجہد اور ان عوامل پر بریفنگ دی گئی جنہوں نے ان کی سیاسی سوچ کی تشکیل میں کردار ادا کیا، صدر آصف زرداری کو آگاہ کیا گیا کہ ایسے یادگاری مقامات تاریخی مواد کے تحفظ اور چین کی انقلابی تاریخ سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

صدر نے ماؤ زے تُنگ میموریل میوزیم کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں عوامی جمہوریہ چین کے بانی رہنما کی زندگی، فکر اور سیاسی ورثے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے میوزیم میں موجود تاریخی نوادرات، ریکارڈ اور تصاویر کا بھی مشاہدہ کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے ماؤ زے تُنگ کے چین کی تاریخی تبدیلی میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مقامات کا تحفظ جدید چین کی تشکیل میں مددگار عوامل کو سمجھنے میں اہمیت رکھتا ہے اور قومی ترقی میں تاریخی شعور کو فروغ دیتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں