وزیراعظم سے کابینہ ارکان کی ملاقاتیں، وزارتوں سے متعلقہ اُمور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی، وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال، معاون خصوصی ہارون اختر خان اور وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے ملاقاتیں کی۔

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے وزیراعظم کو وزارت ریلوے سے متعلقہ امور اور جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی جس پر وزیراعظم نے پاکستان ریلوے میں عوامی سہولت اور باحفاظت سفر کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ریلوے میں فریٹ سروس کو مزید مؤثر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستان ریلوے کی جانب سے مسافروں کی سہولیات کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا، ملاقات میں دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال اور وزیراعظم کے معاون خصوصی صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے بھی ملاقات کی۔

وفاقی وزیر صحت نے وزیراعظم کو وزارت میں جاری منصوبوں اور بیماریوں کی روک تھام کے لئے اٹھائے گئے خصوصی اقدامات پر بریف کیا، معاون خصوصی ہارون اختر خان نے وزیراعظم کو متعلقہ امور سے آگاہ کیا، ملاقات میں دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں سیکرٹری ہیلتھ اسلم غوری بھی شریک تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی صدر خالد حسین مگسی نے بھی ملاقات کی، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے وزیراعظم کو وزارت سے متعلقہ امور اور جاری منصوبوں پرپیشرفت سے آگاہ کیا، ملاقات میں دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں