سی ڈی اے کا تمام ریکارڈ 120 دن کے اندر ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں جاری عوامی منصوبوں پر پیش رفت اور نئے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تمام ریکارڈ کو 120 دن کے اندر ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے شہری اپنی درخواستوں کی صورتحال خود آن لائن معلوم کر سکیں گے۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ اسلام آباد میں کسی بھی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اجلاس میں نئے کنونشن سینٹر، ایکسپو سینٹر اور اسلام آباد ارینہ کی تعمیر کے لیے تین بین الاقوامی کمپنیوں کی پری کوالیفکیشن مکمل ہونے سے آگاہ کیا گیا، جبکہ ہدایت کی گئی کہ یہ منصوبے شنگھائی تعاون تنظیم سمٹ سے قبل مکمل کیے جائیں۔
اجلاس میں ایف-6 میں خدمت مرکز کے قیام کے لیے اراضی مختص کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، شہریوں کو جدید تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ٹاپ گالف، ہاٹ ایئر بیلون، زپ لائن، واٹر پارک اور امیوزمنٹ پارک منصوبوں پر جلد کام شروع کرنے کی ہدایت دی گئی۔
وزیر داخلہ نے کھیلوں کے فروغ کے لیے جدید سپورٹس کمپلیکس بنانے پر زور دیا، جبکہ ایف نائن پارک کو ہائیڈ پارک کی طرز پر ترقی دینے اور شاہدرہ ڈیم کے اطراف تفریحی سہولیات کے جامع منصوبے طلب کر لیے۔
اجلاس میں ایکسپریس وے اور کلب روڈ کی بیوٹیفکیشن اور لائٹنگ کا کام فوری شروع کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
محسن نقوی نے سی ڈی اے میں کرپشن سکینڈل بے نقاب کرنے پر چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف اور ممبر سٹیٹ زمان وٹو کو سراہتے ہوئے کہا کہ کرپشن میں ملوث کسی فرد کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ایکسپریس وے پر سروس روڈ کی تعمیر پلاننگ ڈویژن کی منظوری کے بعد شروع کی جائے گی۔