لاہور میں رات گئے تیز آندھی اور بارش، لیسکو کے 200 فیڈر ٹرپ
لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں تیز آندھی کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
آندھی اور بارش سے بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوگیا، لیسکو کے 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، متعدد علاقوں میں بجلی بند ہوگئی، فیروز والہ اور گرد و نواح میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسے۔
وزیرآباد شہر اور گرد و نواح میں تیز آندھی اور بارش ہوئی جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور میں گزشتہ رات ہونے والی بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی واقع ہوئی ہے، شہر میں آج دن بھر دھوپ اور چھاؤں کا کھیل جاری رہے گا، کم سے کم درجہ حرارت 23 جبکہ زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ہوا کی رفتار پانچ کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 38 فیصد تک جا پہنچا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں بادل برسنے کے کوئی امکانات نہیں۔