نیب کی پہلی سہ ماہی میں 2.962 ٹریلین روپے کی ریکارڈ ریکوری
اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو نے سال 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران 2.962 ٹریلین روپے کی ریکارڈ ریکوری کا دعویٰ کیا ہے، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 33 گنا زیادہ ہے۔
نیب کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق کراچی اور سکھر میں 2.89 ٹریلین روپے مالیت کی 54,387 ایکڑ سرکاری زمین واگزار کروائی گئی، اسی طرح لاہور اور ملتان میں 23.33 ارب روپے مالیت کی 4,034 ایکڑ زمین برآمد کی گئی۔
بلوچستان میں نیب نے 36.54 ارب روپے مالیت کی 51,577 ایکڑ سرکاری زمین واگزار کرانے میں کامیابی حاصل کی۔
رپورٹ کے مطابق عوام سے دھوکہ دہی کے مقدمات میں 6,475 متاثرین کو مجموعی طور پر 1.78 ارب روپے واپس کیے گئے، جبکہ پلی بارگین اور جرمانوں کی مد میں 11.085 ارب روپے کی براہِ راست ریکوری کی گئی۔
نیب حکام کے مطابق پنجاب میں 4.37 ٹریلین روپے مالیت کی 9 لاکھ ایکڑ سرکاری زمین کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ سندھ میں 10.96 ٹریلین روپے مالیت کی زمین کی نشاندہی کے بعد ریکوری کے لیے خصوصی ٹاسک فورسز تشکیل دی جا چکی ہیں۔
نیب کا کہنا ہے کہ سرکاری زمینوں کے غلط استعمال کو روک کر قومی اثاثوں کو محفوظ بنایا جائے گا اور انہیں قومی خزانے میں جمع کرانے کا عمل جاری رکھا جائے گا۔