ایٹمی پروگرام تاقیامت دفاعی اثاثہ، اب معاشی طاقت بننا ہے : شہباز شریف
ہاؤسنگ کے تمام معاملات کو ڈیجیٹائز، آٹو میٹ کیا جائے گا:وزیراعظم، آذری وزیرانصاف کی ملاقات فضلے سے توانائی کی پیداوار کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دینے کی منظوری،نیشنل پاپولیشن کونسل بنانیکا فیصلہ
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارا جوہری پروگرام دفاعی مقاصد کیلئے ہے جارحیت کیلئے نہیں اور یہی وجہ ہے کہ دنیا آج پاکستان کو ایک ذ مہ دار ایٹمی طاقت کے طور پر جانتی ہے ، اب ہمیں معاشی طاقت بننا ہے ،وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ 10 مئی کو پوری قوم نے معرکہ حق کی سالگرہ شایان شان طریقے سے منائی۔ اب 28 مئی کی آمد آمد ہے ۔ تاریخ اس دن کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ پاکستان کا ایٹمی پروگرام رہتی دنیا تک اسکا دفاعی اثاثہ رہے گا۔ انہوں نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والے سائنسدانوں، سیاست دانوں، اداروں اور حکومتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اس پروگرام کے بانی تھے اور میرے قائد نواز شریف نے اسے نکتہ انجام تک پہنچایا۔
دریں اثنا ہاؤسنگ کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ہاؤسنگ کے شعبے میں اصلاحات کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کم آمدنی والے طبقے کے لئے رہائش کی فراہمی، سستے گھروں کے منصوبے بشمول نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور عوامی سہولیات کی بہتری ہماری ترجیحات میں شامل ہیں اور شعبے میں شفافیت کے فروغ کے لئے تمام معاملات کو ڈیجیٹائز اور آٹو میٹ کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل پر اہم اجلاس کی صدارت کی، وزیراعظم نے اجلاس میں بڑھتی ہوئی آبادی کے کیلئے موثر اور مربوط قومی حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے قومی سطح پر آبادی سے متعلق پالیسی سازی کیلئے نیشنل پاپولیشن کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کیا جس کی سربراہی وہ خود کریں گے ۔
نیشنل پاپولیشن کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان شامل ہوں گے ۔ مزید برآں وزیراعظم نے فضلے سے توانائی کی پیداوار کے حوالے سے ٹاسک فورس تشکیل دینے کی منظوری دے دی، ٹاسک فورس ویسٹ ٹو انرجی کے موجودہ فریم ورک کا جائزہ لیکر نئی قومی پالیسی بنانے پر کام کرے گی۔وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری کنوینر ہوں گے ،وفاقی وزیر مصدق ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وفاقی سیکر ٹر ی موسمیاتی تبدیلی، وفاقی سیکر ٹر ی بین الصوبائی روابط، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے لوکل گورنمنٹ، موسمیاتی تبدیلی اور توانائی کے سیکریٹریز بھی ٹاسک فورس کا حصہ ہوں گے ۔وزیراعظم سے آذربائیجان کے وزیر انصاف فرید تراب اووعلو احمدوف نے ملاقات کی، وزیراعظم نے کہا پاکستان اور آذربائیجان برادر ممالک ہیں جن کے تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔