کم عمر طلبا کو منشیات پر لگانے کیلئے رعایتی پیکیجز دینے کا انکشاف
پنکی بچوں کو منشیات کی جانب راغب کر رہی تھی،پولیس کی عدالت میں رپورٹ انمول ،ارمغان کیس میں مماثلت، تانے بانے منشیات کارٹلز سے جڑے ، ذرائع
کراچی (نیوز ایجنسیاں) کوکین ڈیلر انمول پنکی کی جانب سے تعلیمی اداروں میں بچوں کو منشیات پر لگانے کیلئے رعایتی پیکیجز دئیے جانے کا انکشاف ہوا ہے تاکہ وہ اس لت میں پکے ہو جائیں۔کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں بدنام زمانہ منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف مقدمات کی سماعت ہوئی، جس میں پولیس نے ملزمہ کے نیٹ ورک سے متعلق ایک اور ہوشربا رپورٹ جمع کرا دی۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملزمہ کا گینگ پوش علاقوں کے نجی تعلیمی اداروں اور کم عمر طالب علموں کو منظم طریقے سے ہدف بنا رہا تھا۔عدالت میں پیش کی گئی پولیس کی تفصیلی رپورٹ میں کہا گیا کہ ملزمہ اپنے گینگ کے ذریعے نجی تعلیمی اداروں کے کم عمر بچوں کو منشیات کی جانب راغب کر رہی تھی۔
اسکولوں اور کالجوں میں جو طلبہ زیادہ مقدار میں منشیات خریدتے تھے ، انہیں ملزمہ کی جانب سے رعایتی پیکیجز دیے جاتے تھے تاکہ وہ اس لت میں پکے ہو جائیں۔پولیس نے عدالت کو بتایا تعلیمی اداروں میں اس زہر کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ملزمہ سے مزید تفتیش انتہائی ضروری ہے ۔پولیس نے رپورٹ میں موقف اختیار کیا کہ پنکی کی نشاندہی پر ان سہولت کاروں کی شناخت کرنی ہے جو تعلیمی اداروں کے اندر بیٹھ کر اس نیٹ ورک کی مدد کر رہے ہیں۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے پولیس کی اس تفصیلی رپورٹ کو کورٹ فائل کا حصہ بنا لیا ہے ۔حکام نے کہا کہ اس نیٹ ورک کی جڑیں نجی اسکولوں کے اندر تک پھیلی ہوئی ہیں اور ملزمہ کی گرفتاری کے بعد اب ان تمام افراد کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے جو پوش علاقوں کے نوجوانوں کو اس جان لیوا کاروبار کا شکار بنا رہے تھے ۔