لاہور :موسلا دھار بارش، لیسکو کے 140 فیڈرز ٹرپ

 لاہور :موسلا دھار بارش، لیسکو کے 140 فیڈرز ٹرپ

مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند، سب سے زیادہ سگیاں میں بارش ریکارڈ جیکب آباد،دیوار گرنے سے 3 بچے جاں بحق،بلوچستان میں 31افراد زخمی

لاہور، اسلام آباد(اپنے کامرس رپورٹر سے، دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں)لاہور میں موسلادھار بارش، لیسکو کے 140 فیڈرز ٹرپ کر گئے ،بجلی کا ترسیلی نظام درہم برہم ہو گیا۔دوسری طرف طوفان و بادوباراں کے د وران سندھ کے ضلع جیکب آباد میں دیوار گرنے سے 2کمسن بھائیوں سمیت 3بچے جاں بحق،بلوچستان میں کچے مکانات منہدم ہونے سے 31افراد زخمی ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں گزشتہ روز منصورہ، ملتان روڈ، جوہر ٹاؤن، کوٹ لکھپت ، ٹاؤن شپ اور دیگر علاقوں کے اطراف میں تیز بارش ہو ئی ، اس دوران لیسکو کے فیڈر ٹرپ کرنے کے باعث گھنٹوں بجلی کی فراہمی معطل رہی، لاہور میں سب سے زیادہ بارش 8 ملی میٹرسگیاں میں ریکارڈ کی گئی۔

علاوہ ازیں شیخوپورہ ،کامونکی، پتوکی ، اوکاڑہ ،ساہیوال، ہڑپہ، چیچہ وطنی اور میاں چنوں میں بھی آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش ہوئی۔ ادھر سندھ کے ضلع جیکب آباد میں واقع گاؤں عبدالحئی سدھایو میں دیوار گرنے سے دو کمسن بھائی 14 سالہ یاسین دایو اور 15 سالہ غلام رسول دایو سمیت قادرپور سے آیا کمسن مہمان بچہ عبدالجبار دایو موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ۔دوسری طرف بلوچستان میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے د وران ڈیرہ مراد جمالی شرقی اور غربی علاقوں میں متعدد کچے مکانات گر گئے اور ملبے تلے آکر 15 افراد زخمی ہوگئے ،اس دوران گیارہ ہزار کے وی کے 3 کھمبے بھی گر گئے جس سے مختلف علاقوں میں 26 گھنٹے بجلی بند رہی ۔ادھر جعفرآباد کے ہیڈ کوارٹر ڈیرہ اللہ یار میں بھی درجنوں کچے مکانات زمین بوس ہو گئے جس سے 16 افراد زخمی ہوگئے ،دو ٹرانسفارمر اور چار گیارہ ہزار کے وی کے کھمبے گر گئے جس سے شہر کی نصف آبادی تاریکی میں ڈوب گئی۔علاوہ ازیں پختونخوا،پنجاب ،شمالی بلوچستان ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج بھی چند مقامات پر آندھی/تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش،چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں