اخبارفروشوں کوای بائیکس ، ہاؤسنگ سکیموں میں کوٹہ دیاجائے :ٹکاخان
آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کا اجلاس ، صدرAPNS،جوائنٹ سیکرٹری کی شرکت مسائل کے حل کیلئے وزرائے اعلیٰ سے ملاقاتیں،سینیٹ میں کرداراداکرونگا:سرمدعلی
اسلام آباد(دنیارپورٹ)آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کا اجلاس اسلام آباد اخبار مارکیٹ میں ہوا،جس میں اے پی این ایس کے صدر سینیٹر سرمد علی اور جوائنٹ سیکرٹری محسن بلال عباسی،آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان،صدر حاجی اقبال نون، چیئرمین چوہدری عاشق علی ،اخبار فروش یونین اسلام آباد کے صدر چوہدری شریف، اخبار فروش یونین راولپنڈی کے صدر شفیق ستی ،آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن پنجاب کے صدر عقیل احمد عباسی، اخبار فروش یونین لاہور کے صدر چوہدری مشتاق علی، جنرل سیکرٹری رانایامین، سینئر نائب صدر ملک امتیاز ، اسلام آباد اخبار فروش یونین کے میزبان چوہدری اکبر اور چوہدری منیر نے شرکت کی۔ اجلاس میں اخبار فروشوں کے مسائل کے حل پرگفتگوکی گئی۔
آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے کہا مہنگائی کے طوفان میں اخبار فروشوں کے مسائل کے حل کے لیے اے پی این ایس کو سوچنا ہوگا، اخبار فروش اگر کام چھوڑ کر چلے گئے تو صنعت کے لیے مسائل ہوں گے ، اخبار فروشوں کی معاونت کے لیے حکومت سے سبسڈی ، الیکٹرک بائیکس لے کردی جائیں ،حکومت کی طرف سے ہاؤسنگ سکیموں میں کوٹہ مقرر کروایا جائے اور موجودہ بحران میں اخبار فروشوں کی مالی معاونت کی جائے تاکہ یہ مزدور اپنی گاڑی کا پہیہ چلا سکیں ،تمام عہدے داران نے عہد کیا کہ ہم کسی نہ کسی صورت میں اخبار فروشوں کے لیے اس بحران میں بہترین پیکیج لانے کی کوشش کریں گے ، تمام بڑے شہروں کے عہدیداران نے کہا مہنگائی کی وجہ سے اخبار فروشی کرنا ناممکن ہو گیا ہے پلاننگ نہ کی گئی تو اخباری صنعت سے وابستہ اخبار فروش شدید بحران کا شکار ہو جائے گا، اے پی این ایس کے صدر سینیٹر سرمد علی نے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ ،وفاقی وزیر اطلاعات سے ملاقات کروانے اور سینیٹ میں اخبار فروشوں کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کا یقین دلایا۔