پشین :سی ٹی ڈی کی کارروائی ،4مبینہ دہشت گردہلاک بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا
کوئٹہ (کرائم رپورٹر )پشین کے علاقے سرخاب کیمپ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران 4مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ، بھاری مقدار میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔
پشین کے علاقے سرخاب کیمپ میں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران مبینہ دہشت گردوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ترجمان نے بتایا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں4مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔برآمد ہونے والے اسلحے میں دستی بم، دیسی ساختہ بم، بندوقیں اور بڑی تعداد میں گولیاں شامل ہیں۔ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کی لاشیں سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردی گئیں، ابتدائی تحقیقات کے مطابق ان کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جارہا ہے ۔