ہائیکورٹ :پٹرولیم قیمتیں بڑھانے کے طریقہ کار کیخلاف 25 مئی کوسماعت

 ہائیکورٹ :پٹرولیم قیمتیں بڑھانے کے طریقہ کار کیخلاف 25 مئی کوسماعت

بل بجلی سلیب سسٹم نفاذ ، چیئرمین نیپرا تعیناتی کیخلاف درخواستیں بھی سماعت کیلئے مقرر

لاہور(کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے طریقہ کار کے خلاف دائر درخواستوں کی جسٹس خالد اسحاق 25 مئی کو سماعت کریں گے ۔علاوہ ازیں بجلی بلوں میں سلیب سسٹم کے نفاذ اور چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی تعیناتی کیخلاف درخواستوں کی سماعت جسٹس خالد اسحاق 3 جون کو کرینگے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے طریقہ کار کے خلاف دائر درخواستوں پروفاقی حکومت ، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی سے قیمتیں مقرر کرنے کا مکمل میکنزم اور متعلقہ ریکارڈ طلب کر رکھا ہے ۔ درخواستگزاروں نے مو قف اختیار کر رکھا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں  کے تعین کے موجودہ نظام کا جائزہ لیا جائے اور شفاف میکنزم وضع کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں ، 25 مئی کو سماعت پر قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر بحث ہوگی۔ادھر بجلی بلوں کے سلیب سسٹم نفاذ کیخلاف عدالت نے نیپرا و فریقین سے جواب طلب کر رکھا ہے ۔درخواستگزار اشبا کامران نے موقف اپنایا ہے کہ سلیب سسٹم کے تحت بل دگنا سے بھی زیادہ ہو جاتا ہے ، سلیب سسٹم کا نفاذ کالعدم قرار دے ۔دریں اثنا چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر بھی عدالت نے نیپرا کو جواب داخل کرنے کیلئے مہلت دے رکھی ہے ۔ اشبا کامران کا درخواست میں موقف ہے کہ وسیم مختار کو ریٹائرمنٹ کے بعد غیر قانونی طور پر چیئرمین نیپرا تعینات کیا گیا،عدالت وسیم مختار کی تعیناتی کالعدم قرار دے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں