پارٹی حکومت کی اتحادی ،اقتدار میں شامل نہیں: افضل چن
عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، گفتگو
بھیرہ(نامہ نگار)پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی حکومت کی اتحادی جماعت ضرور ہے تاہم اقتدار میں براہِ راست شامل نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جمہوریت کے استحکام، عوامی مسائل کے حل اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر چن ہاؤس میں پارٹی کارکنوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن پیپلز پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن جدوجہد جاری رکھی جائے گی موجودہ سیاسی و معاشی حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو ذاتی اور سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر عوامی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ملکی وسائل کسی ایک جماعت یا مخصوص طبقے کی ملکیت نہیں بلکہ پاکستان کے 27 کروڑ عوام کا حق ہیں، اس لیے عوامی حقوق کے تحفظ، مہنگائی کے خاتمے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی حقوق کی آواز بلند کرتی رہے گی۔