امریکی وزیر خارجہ سے ڈار کی ملاقات :فلسطین کو تسلیم کئے بغیر ابراہیمی معاہدے پر کوئی لچک نہیں :پاکستان

امریکی  وزیر  خارجہ  سے  ڈار  کی  ملاقات :فلسطین  کو  تسلیم  کئے  بغیر  ابراہیمی  معاہدے  پر  کوئی  لچک  نہیں :پاکستان

مارکو روبیو کاامن کو آگے بڑھانے پر پاکستان کا شکریہ،سکیورٹی تعاون اور خوشحالی کیلئے شراکت داری کے فروغ پراتفاق چینی وزیر خارجہ وانگ یی کا بھی حمایت کا اعادہ ،انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات، امریکی برادری کو سرمایہ کاری کی دعوت

نیویارک، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کے بعد  پریس کانفرنس میں کہا افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ پاکستان کو کہا گیا ہے کہ وہ معاہدہ ابراہیمی کا حصہ بنے ۔ پاکستان کی اس حوالے سے ہمیشہ بہت واضح پالیسی رہی ہے کہ جب تک فلسطین کو تسلیم نہیں کیا جاتا، وہ 1967 سے پہلے والے ماڈل پر واپس نہیں جاتا اور قدس الشریف (یروشلم)اس کا دارالحکومت نہیں بن جاتا، تب تک اس معاملے پر کوئی لچک نہیں آ سکتی۔اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان پہلی جنگ بندی پاکستان کی کوششوں سے ممکن ہوئی اور اس بار بھی پاکستان کی سفارتی کوششوں کے باعث صورتحال میں بہتری آئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عالمی حالات کے تناظر میں سفارتی روابط تیز رکھے اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کم کرنے کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران سرمایہ کاری کے متعدد معاہدے ہوئے ، جن میں 20 ملین ڈالر کے ایم او یوز اور بی ٹو بی سطح کے تاریخی معاہدے شامل ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے ۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی تعاون اور خوشحالی کے لیے ایک مضبوط اور بامعنی شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے ۔اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے بھی ملاقات کی ،چینی وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور وانگ ای نے حالیہ علاقائی پیش رفت اور خطے سمیت عالمی سطح پر پائیدار امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی جانب سے مذاکرات اور سفارت کاری کو آگے بڑھانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وانگ ای نے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے چین کی حمایت کا اعادہ کیا۔اسحاق ڈار نے اس سے قبل نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی اور عرب، اسلامی اور یورپی ممالک کے سفرا کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کی۔

پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے لیے تعمیری کردار ادا کر رہا ہے ، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی، بہتر کریڈٹ ریٹنگ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ مثبت اشارے ہیں، اور حکومت برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے ماڈل پر کام کر رہی ہے ۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے 28 مئی 1998 کو ایٹمی طاقت بن کر عالمی سطح پر اپنا مقام منوایا، جبکہ مئی 2025 میں بھارتی جارحیت کے مقابلے میں پاکستانی افواج اور قوم نے بھرپور استقامت کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی قیادت اور قومی اتحاد ملک کا فخر ہے ، اور خطے میں امن کے لیے پانچ نکاتی ایجنڈے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔ اسحاق ڈار نے پاکستانی نژاد امریکی برادری کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے انہیں ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں