شفاف، کاروبار دوست، پائیدار ٹیکس نظام چاہتے ہیں، مراد شاہ
اگر انشورنس کا شعبہ ترقی کرتا ہے تو ہمارے لوگوں کو بہتر تحفظ ملے گا ،وزیراعلیٰ
کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انشورنس انڈسٹری کو یقین دہانی کرائی ہے کہ سندھ حکومت ایک منصفانہ اور قابل پیش گوئی ٹیکس نظام کے لیے پرعزم ہے ۔ انہوں نے سندھ ریونیو بورڈ (ایس آر بی) کے لیے سروسز پر سیلز ٹیکس (ایس ایس ٹی)کے حوالے سے جامع بجٹ تجاویز کا جائزہ لینے کے لیے انشورنس ایسوسی ایشن آف پاکستان (آئی اے پی)کے ایک وفد سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں آئی اے پی کے چیئرمین شعیب جاوید، آئی اے پی کے ارکان جاوید حسین اور ندیم احمد، آئی اے پی کی ٹیکس کمیٹی کے چیئرمین عمر فاروق، مالیاتی مشیر امجد اشفاق تولا اور انڈسٹری کے دیگر سینئر نمائندوں نے شرکت کی۔ آئی اے پی کے وفد نے صوبائی بجٹ 27-2026 کے لیے لائف اور ہیلتھ انشورنس پر سندھ سیلز ٹیکس کے حوالے سے تفصیلی تجاویز پیش کیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبہ صوبائی محصولات کا تحفظ کرتے ہوئے ترقی کو فروغ دینا چاہتا ہے ،ہم ایک ایسا ٹیکس نظام چاہتے ہیں جو شفاف، کاروبار دوست اور پائیدار ہو۔ اگر انشورنس کا شعبہ ترقی کرتا ہے تو ہمارے لوگوں کو بہتر تحفظ ملے گا اور حکومت ایک مضبوط، دستاویزی معیشت سے فائدہ اٹھائے گی۔ ہم قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے آپ کی تجاویز کا بغور جائزہ لیں گے ۔