دستاویزی کیسز، ملزموں سے امتیازی سلوک نہیں ہو سکتا:سپریم کورٹ

دستاویزی کیسز، ملزموں سے امتیازی سلوک نہیں ہو سکتا:سپریم کورٹ

شریک ملزمان ضمانت پر ہوں تو ملزم کے کردار کے تعین کیلئے مزید عدالتی جانچ درکار

 اسلام آباد (اے پی پی) سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ جب کسی فوجداری مقدمے کی بنیاد دستاویزی شواہد پر ہو، تفتیش مکمل اور شریک ملزمان پہلے ہی ضمانت حاصل کر چکے ہوں تو ملزم کے کردار کے تعین کے لیے مزید عدالتی جانچ درکار ہوتی ہے جس سے معاملہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 497(2) کے تحت \"مزید تفتیش\"کے زمرے میں آ سکتا ہے ۔ تفصیلی فیصلہ کے مطابق جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور خورد برد کے مقدمے میں نامزد ملزم عثمان یوسف کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرتے ہوئے پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں اور اسی مالیت کے ایک ضامن کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مقدمے کی تفتیش مکمل ہو چکی اور درخواست گزار سے مزید برآمدگی یا تفتیش درکار نہیں۔ مقدمے میں نامزد دیگر شریک ملزمان، جن کا کردار انتظامی لحاظ سے مساوی یا بعض صورتوں میں زیادہ اہم تھا پہلے ہی عدالتوں سے ضمانت حاصل کر چکے ہیں۔

وفاقی حکومت اور شکایت کنندہ ادارے نے ضمانت کی مخالفت کی اور موقف اختیار کیا کہ درخواست گزار مبینہ بے ضابطگی میں اہم کردار کا حامل رہا ہے اس لیے ضمانت کی رعایت نہیں دی جانی چاہیے ۔ سپریم کورٹ نے فیصلے میں قرار دیا کہ مقدمہ دستاویزی نوعیت کا ہے اور عائد الزامات کئی سال پر محیط انتظامی اور مالی معاملات سے متعلق ہیں۔ عدالت نے مشاہدہ کیا کہ استغاثہ بادی النظر میں یہ واضح کرنے میں ناکام رہا کہ درخواست گزار کا کردار پہلے سے ضمانت حاصل کرنے والے شریک ملزمان کے مقابلے میں کس طرح مختلف یا زیادہ سنگین ہے ۔ درخواست گزار کے اختیارات، ذمہ داریوں اور مبینہ کردار کا حتمی تعین ٹرائل کے دوران شہادتوں اور ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد ہی ممکن ہوگا۔ دستیاب مواد کی روشنی میں معاملہ مزید تفتیش کا متقاضی معلوم ہوتا ہے جس کے باعث درخواست گزار ضمانت کا حق دار ہے ۔ لہذا درخواست کو اپیل میں تبدیل کرتے ہوئے منظور کیا جاتا ہے ۔ اس حکم میں تمام آبزرویشنز ابتدائی نوعیت کی ہیں، ٹرائل کورٹ مقدمے کا فیصلہ دستیاب شواہد کی بنیاد پر آزادانہ طور پر کرے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں