کابینہ کمیٹی کااجلاس جلد بلایا جائے :پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن
رواں سیزن میں ضرورت سے زیادہ چینی بنائی :ڈپٹی وزیراعظم کو مراسلہ چینی کا بڑا ذخیرہ رکھنے پر شوگر انڈسٹری کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے :چیئرمین
لاہور (کامرس رپورٹر سے )چیئرمین پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے کہا ہے کہ اضافی چینی برآمد بارے کابینہ کمیٹی کی تشکیل کا خیرمقدم کرتے ہیں،کمیٹی کا اجلاس جلد بلایا جائے ۔چیئرمین چودھری ذکا اشرف کی جانب سے خط میں مزید کہا گیا کہ شوگر انڈسٹری نے رواں کرشنگ سیزن میں مقامی ضرورت سے زیادہ چینی بنائی ، ایک ماہ کے سٹراٹیجک ذخائر رکھنے کے بعد بھی ساڑھے 7 لاکھ ٹن چینی سرپلس موجود ہو گی،اس اضافی چینی کی برآمد سے پاکستان تقریباً 500 ملین ڈالر کا زرمبادلہ کما سکتا ہے ،چینی کا بڑا ذخیرہ رکھنے پر شوگر انڈسٹری کو فنڈز کی کمی کا سامنا ہے ۔خط میں کہا گیا ہے کہ آنے والے کرشنگ سیزن میں بھی گنے کی ایک اور ریکارڈ فصل کا تخمینہ لگایا گیا،حکومت سے درخواست ہے کابینہ کمیٹی کا اجلاس جلد بلایا جائے ، شوگر ملز ایسوسی ایشن کے وفد کوبھی اجلاس میں شرکت کی اجازت دی جائے ۔