پاکستان پوسٹ میں بہتری ورنہ نجکاری
لاہور(سیاسی نمائندہ)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے پاکستان پوسٹ کے سالانہ خسارے میں کمی کے لیے دیرپا پالیسی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ادارہ مالی خود مختاری حاصل نہ کر سکا تو اسے مستقبل میں برقرار رکھنا مشکل ہو جائے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان پوسٹ میں بہتری نہ آنے کی صورت میں حکومت نجکاری سمیت دیگر آپشنز پر غور کرنے پر مجبور ہو سکتی ہے ، یہ ادارے کے لیے ایک فائنل وارننگ ہے اور اب مزید تاخیر یا کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں، انہوں نے ڈائریکٹوریٹ جنرل پاکستان پوسٹ کا دورہ کیا اور ادارے کی کارکردگی، مالی صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کی ،انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ آئندہ تین برسوں کے لیے قابلِ عمل اور حقیقت پسندانہ بزنس پلان مرتب کرے تاکہ اسے مالی خود مختاری حاصل ہوسکے اور قومی خزانے پر بوجھ کم ہو، پاکستان پوسٹ کو مارکیٹ کے بدلتے ہوئے تقاضوں اور مسابقتی ماحول کے مطابق ڈھالنا ناگزیر ہے ،پرانی روش کو ترک کرکے جدید اور مو ثر ورکنگ ماڈل اپنانا ہوگا تاکہ پاکستان پوسٹ جیسے تاریخی ادارے کو منافع بخش اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ بنایا جا سکے ۔وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ پاکستان پوسٹ کے مستقبل کا دارومدار اس کی کارکردگی میں حقیقی بہتری پر ہے ،ادارے کے 20 ہزار ملازمین کو بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔