معاشی اہداف پورے نہ ہونا حکومت کی نااہلی:صدر تنظیم تاجران

 معاشی اہداف پورے نہ ہونا حکومت کی نااہلی:صدر تنظیم تاجران

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چودھری نے قومی اقتصادی سروے 2025-26 میں حکومتی معاشی اہداف پورے نہ ہونے کو حکومت کی نااہلی، ناقص معاشی منصوبہ بندی اور کمزور پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومتی دعوؤں اور زمینی حقائق میں واضح تضاد پایا جاتا ہے۔

معیشت اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہی، استحکام آیا ہوتا تو عام آدمی کی زندگی پر مثبت اثر پڑتا۔ اقتصادی سروے رپورٹ پر ردعمل میں کاشف چودھری نے کہا کہ حکومت رواں مالی سال زراعت سمیت متعدد اہم شعبوں کے مقررہ اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ اگرچہ حکومت جی ڈی پی گروتھ اور بعض شعبوں میں بہتری کے دعوے کر رہی لیکن حقیقت یہ ہے کہ تقریباً بارہ کروڑ افراد کی قوت خرید مزید کم ہو چکی ہے ، کاروباری سرگرمیاں دباؤ کا شکار ہیں، سرکاری اعداد و شمار الفاظ کے ہیر پھیر کے سوا کچھ نہیں ہوتے ۔ بجلی، گیس و دیگر شعبوں میں منفی نمو حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔ مہنگی توانائی نے صنعت، تجارت اور زراعت کو شدید نقصان پہنچایا، نجی شعبے کی شرح نمو بھی ہدف سے کم رہی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت معاشی حقائق تسلیم کرتے ہوئے تاجروں، صنعتکاروں، برآمد کنندگان اور کسانوں کو اعتماد میں لے کر پالیسیاں تشکیل دے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں