سات دہائیوں سے مسلط طبقہ ملک کا سب سے بڑا المیہ : حافظ نعیم

سات دہائیوں سے مسلط طبقہ ملک کا سب سے بڑا المیہ : حافظ نعیم

بجٹ میں آئی ٹی کے فروغ کیلئے جامع منصوبہ شامل نہیں :امیر جماعت اسلامی نوجوان منظم اور متحد ہوجائیں، ہجوم انقلاب نہیں لاسکتے :مردان میں خطاب

مردان(نمائندہ دنیا)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بجٹ میں آئی ٹی کے فروغ کیلئے کوئی جامع منصوبہ شامل نہیں، سات دہائیوں سے مسلط طبقہ ملک کا سب سے بڑا المیہ ہے ، بہت تماشا ہوگیا وسائل پر قابض اشرافیہ عوام کے راستے سے ہٹ جائے ،نوجوان اپنے حق کیلئے متحد اور منظم ہوجائیں، ہجوم کبھی انقلاب نہیں لاتے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت بنوقابل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ہزاروں کی تعداد میں طلبا وطالبات نے بنوقابل مفت آئی ٹی تربیت میں داخلہ کے لیے امتحان دیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت نے بنوقابل کو وسعت دے کر اسے زی-کنیکٹ (Z-Connect)پروگرام میں تبدیل کردیا۔

نئی نسل کو اس جامع پروگرام کے تحت نہ صرف مفت آئی ٹی تربیت دی جائے گی بلکہ کاروبار کے آغاز کیلئے چھوٹے قرضوں کی فراہمی کے اقدامات بھی شامل کر لئے گئے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت اپنی ذمہ داری ادا نہیں کررہی، ملک میں پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں ، زراعت، تعلیم، صحت سمیت ہر شعبہ زوال پذیر ہے ، حکمرانوں کی اپنی عیاشیاں ختم نہیں ہورہیں، مریم نواز نے اپنے لئے گیارہ ارب کا جہاز خرید لیا، چیئرمین سینٹ کیلئے 9 کروڑ کی گاڑی لے لی گئی، عوام کا خون نچوڑا جارہا ہے ، حکومت ایک لٹر پٹرول پر 120روپے سے زائد پٹرولیم لیوی وصول کررہی ہے ، یہ ظلم بند ہونا چاہیے ، نوجوان عوام کے حقوق کے تحفظ اور ظالمانہ نظام سے چھٹکارے کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اورخود مایوس ہونے کی بجائے مسلط طبقے کو مایوس کریں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں