مجالس اور محرم جلوس: کمشنرز ، آرپی اوز، ڈی پی او ز فیلڈ میں نکلیں : مریم نواز

 مجالس اور محرم جلوس: کمشنرز ، آرپی اوز، ڈی پی او ز فیلڈ میں نکلیں : مریم نواز

4700 امام بارگاہوں پر کیو آر کوڈڈ پینک بٹن نصب، فوج کی 61،رینجرز کی 76کمپنیاں طلب جلوسوں میں پانی کی سبیلیں لگا ئی جائیں،خود کش حملہ آور کو علامات سے پہچاننے کی تربیت دی جائے :خطاب پاکستان کی سفارتکار ی سے دنیا میں امن کا سورج طلوع :وزیر اعلیٰ ، طیارہ حادثے پر اظہار افسوس

لاہور(سٹاف رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مجالس اور محرم کے جلوسوں کے دوران کمشنرز،آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز،ڈی پی اوز اور اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام افسروں کو خودفیلڈ میں جانے کی ہدایت کر دی ہے ، وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں محرم الحرام کے انتظامات کاجائزہ لیاگیا، مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں بہترین انتظامات کا حکم دیا، عوام سے پنجاب میں امن وامان قائم کرنے کی اپیل کی اور انتظامیہ کوجلوس کے راستوں میں ٹھنڈے پانی کی سبیلیں لگانے کا حکم دیاہے ،انہوں نے تمام محکموں کو عیدالاضحی پر بہترین کام کرنے اور تمام ڈیپارٹمنٹس کے مثالی اشتراک کارپر خراج تحسین پیش کیا،وزرا کی کارکردگی کو بھی سراہا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ توجہ ، لگن اور محنت سے کام کرنے والے تمام افسر اور اہلکار شاباشی کے مستحق ہیں، ہوم ڈیپارٹمنٹ، انٹیلی جنس، پولیس ،سپیشل برانچ، سی سی ڈی اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ،تمام اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اور آر پی اوز نے بہترین کام کیا ہے ، پہلی بار عید قربان پر پنجاب بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات دیکھنے کو ملے ،پچھلی عید سے یہ عید بہتر تھی، پچھلے محرم سے یہ محرم بہترین ہونا چاہیے۔

پنجاب میں ہر مجلس اور جلوس کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کی جائے گی ، ایران پر اسرائیلی حملوں کی وجہ سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، تمام مسلمان تکلیف میں ہیں، اس موقع پر سخت روی اختیار کرنامناسب نہیں، مجرموں سے رعایت نہیں کرنی چاہیے لیکن عام آدمی کے ساتھ اچھا سلوک ہماری ذمہ داری ہے ،جلوس اور مجالس کے شرکا کے چھوٹے چھوٹے مسائل سننا اور حل کرنا ذمہ داری ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تین درجاتی سکیورٹی قائم کی گئی ہے ، پچھلے سال ہونے والے اسلام آباد سانحہ کی وجہ سے مختلف درجات پر سکیورٹی ضروری ہے ۔تمام ڈی پی اوز اور آر پی اوز فیلڈ فارمیشن پولیس کو خود کش حملہ آور کو گرم چادر اور دیگر علامات سے پہنچاننے کی تربیت دی جائے ،انہوں نے کہا کہ کیو آر کوڈ ڈ پینک بٹن لگانے پر سیف سٹی حکام کو شاباش دیتی ہوں، آئمہ کرام سے محرم الحرام امن و امان اور عقیدت و احترام سے منانے کی اپیل کرتی ہوں، مشکوک فرد یا حرکت کی صورت میں پولیس کو فوری طور پر اطلاع دی جائے ، انہوں نے کہا کہ ہر شہر میں سیف سٹی کی 80 سے 90فیصد کوریج ہے ،جہاں کوریج نہیں وہاں پرائیویٹ کیمروں کو سیف سٹی سے لنک کیا جائے ۔ لاؤڈ سپیکر پر پابندی پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے ، بعض مقامات پر اب بھی لاؤڈ سپیکر کا غیر قانونی استعمال کیا جارہا ہے۔

کومبنگ آپریشن جاری رہنے چاہئیں، محرم الحرام روٹس میں ہوٹل اور سرائے وغیرہ کی پوری مانیٹرنگ کی جانی چاہیے ۔ محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس میں کھلے مین ہول، آوار کتے وغیرہ نظر نہ آئیں ،انہوں نے حکم دیا کہ ستھرا پنجاب کی ٹیموں کو روٹس کی صفائی ، چھڑکاؤ اور خوشبو وغیرہ کا اہتمام کرنا چاہیے ، حکومت پنجاب کی طرف سے تمام روٹس پر ایک ہی طرز کی ٹھنڈے پانی اور شربت کی سبیلیں لگائی جائیں، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر حکام کو متنبہ کررہی ہوں ، کوئی کھلا مین ہول نظر نہ آئے ۔ مین ہول کے اندر نیٹ لگانے کی ہدایت کی گئی تھی اس کی چیکنگ جلد کی جائے گی۔ روٹس پر اعزا داروں کیلئے ریسکیو 1122 ، کلینک آن ویل اور فیلڈ ہسپتال بھی موجود ہونے چاہئیں، وزیر اعلیٰ کوبریفنگ میں بتایاگیاکہ پنجاب میں پہلی بار 4700 امام بارگاہوں پر کیو آر کوڈڈ پینک بٹن انسٹال کیے گئے ہیں، پنجاب بھر میں 37 ہزار 868 مجالس اور 9 ہزار 412 جلوس برآمد ہوں گے ،صوبے بھر میں 1 لاکھ 25 ہزار 641 پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے ،پاک فوج کی 61 اور رینجرز کی 76 کمپنیاں طلب کر لی گئی ہیں،30 ہزار 445 تربیت یافتہ رضاکار بھی معاونت کریں گے ۔ موبائل فون سروس معطلی کی صورت میں 11 اضلاع کے ہیڈ کوارٹرز میں LTE کوریج فراہم کی جائے گی،سیف سٹیز کنٹرول رومز سے 1400 سے زائد افسر چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ پر مامور ہوں گے ۔امن دشمن عناصر اور کالعدم تنظیموں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز تیز کرنے کا حکم دیا گیاہے ، نفرت انگیز تقاریر، وال چاکنگ اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی عائدکردی گئی ہے ،794 علما کی زبان بندی اور مختلف اضلاع میں 1418 کے داخلے پر پابندی ہے۔

حالات پر نظر رکھنے کے لیے 1040 باڈی کیمز اور جدید ڈرونز کا استعمال کیا جائے گا ،دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان کی کاوشوں سے ہونے والے ایران۔امریکا امن معاہدے کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی سیاسی،عسکری اور سفارتی قیادت کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ رہے گی کہ پاکستان نے دنیا کو معاشی تباہی، خونریزی اور عالمی بحران سے بچایا ہے ، پاکستان کی سفارت کاری نے دنیا میں امن کا نیا سورج طلوع کر دیا،پنجاب پورے پاکستان کے ساتھ مل کر وزیر اعظم شہباز شریف،فیلڈ مارشل عاصم منیر،اسحاق ڈار کو سلام پیش کرتا ہے ، پاکستان کی قیادت نے جنگ کے شعلوں کو مذاکرات کی روشنی میں بدل دیا ، انہوں نے مردان کے قریب پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے جام شہادت نوش کرنے والے دونوں پائلٹس کیپٹن قاسم اور کیپٹن طحٰہ کو خراج عقیدت پیش کیا ،شہید پائلٹس کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیااور حادثے میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے ۔علاوہ ازیں ہواؤں کے عالمی دن پراپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعلٰی نے کہا ہے کہ ونڈ انرجی توانائی کے حصول کے لئے مستقبل کا اثاثہ بن سکتی ہے ، ہواؤں کا عالمی دن منانے کا مقصد ہوا کی لامحدود توانائی،استعمال اور قابلِ تجدید توانائی کے بارے میں عوامی شعور بیدار کرنا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں