مزدور طبقے کا سب سے زیادہ استحصال کیا جا رہا: خالد مقبول

مزدور طبقے کا سب سے زیادہ استحصال کیا جا رہا: خالد مقبول

آئین میں درج نکات جاگیرداروں، وڈیروں نے ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھا دئیے وقت آ گیا استحصالی نظام کیخلاف مظلوموں کی نئی، منظم صف بندی کی جائے ،اجلاس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ مزدور طبقہ وطن عزیز کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے مگر بدقسمتی سے اسی طبقے کا سب سے زیادہ استحصال کیا جاتا ہے ، آئین پاکستان میں درج جو نکات محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے وضع کئے گئے تھے انہیں جاگیرداروں اور وڈیروں نے اپنے ذاتی و طبقاتی مفادات کی بھینٹ چڑھا دیا۔ مرکز بہادر آباد میں ایم کیو ایم پاکستان لیبر  ڈویژن کے ذمہ داران اور ارکان کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ملک میں مزدوروں اور پسے ہوئے طبقات کے حقوق کی سب سے بڑی اور توانا علمبردار ہے ، ہمارا واحد جرم یہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ ایوانوں میں متوسط اور غریب طبقے کی حقیقی نمائندگی کی ہے ، آج وقت آ گیا ہے کہ اس استحصالی نظام کے خلاف ملک بھر کے مظلوموں کی نئی اور منظم صف بندی کی جائے ۔ انہوں نے کارکنان کو تنظیمی اصولوں اور نظریاتی پختگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تحریک کے تمام کارہائے نمایاں ایم کیو ایم کی اجتماعی جدوجہد اور قربانیوں کا نتیجہ ہیں اس میں کسی فردِ واحد یا مخصوص شخصیات کا کوئی ذاتی کمال نہیں، ایم کیو ایم کا نظریاتی کارکن نہ کبھی خوف کا شکار ہوتا ہے اور نہ ہی مصلحت پسندی اس کے قدم ڈگمگا سکتی ہے ، تنظیم سے غیر مشروط وفاداری ہماری پہلی اور آخری ترجیح ہونی چاہئے ، تمام ذمہ داران اور کارکنان اپنا کردار اور عمل ایسا بلند رکھیں کہ تاریخ انہیں کبھی مجرم قرار نہ دے سکے بلکہ سچے انقلابیوں کے طور پر یاد رکھے ۔ اس موقع پر مرکزی کمیٹی کے رکن رضوان بابر اور انچارج لیبر ڈویژن ارشد انصاری و اراکین بھی موجود تھے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں