گل پلازہ جوڈیشل رپورٹ سے عوام کو اوجھل رکھا جارہا،فاروق ستار
جوڈیشل انکوائری رپورٹ پر حکومت و ادارے پنک پونگ کھیل رہے ،متحدہ رہنما عوام نے کشمیر ایکشن کمیٹی کا طرز عمل اپنایا تو حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے معروف قانون دان ایڈووکیٹ طارق منصور کے ہمراہ سندھ انفارمیشن کمیشن میں گل پلازہ فائر کیس کی اہم سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اور صوبائی محکموں کی سنگین بدعنوانیوں اور مجرمانہ غفلت کو بری طرح بے نقاب کر دیا ہے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ گل پلازہ سانحہ جس میں 100 کے قریب قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا، 200 سے زائد افراد زخمی ہوئے اور 12 ہزار سے زائد خاندان بری طرح متاثر ہوئے اس کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ کو دانستہ طور پر عوامی نظروں سے اوجھل رکھا جا رہا ہے ۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ہائی کورٹ کے معزز جج جسٹس فیصل آغا پر مشتمل سنگل بینچ نے یہ چار والیمز کی انکوائری رپورٹ مکمل کر کے لاء سیکریٹری کے حوالے کر دی تھی مگر سندھ حکومت، ہوم ڈیپارٹمنٹ اور لاء ڈیپارٹمنٹ مل کر ‘‘پنک پونگ’’ کا کھیل، کھیل رہے ہیں اور یہ جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ فائلیں ریکارڈ سے غائب ہیں تاکہ کرپٹ وڈیرہ شاہی نظام کے آلہ کاروں اور اصل مجرمان کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
سماعت کے دوران معروف قانون دان ایڈووکیٹ طارق منصور نے سندھ انفارمیشن کمیشن کے سامنے تمام دستاویزی اور تصویری شواہد پیش کیے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ رپورٹ لاء ڈیپارٹمنٹ کو موصول ہو چکی تھی جبکہ میڈیا بریفنگ کے ذریعے سندھ حکومت کے اس جھوٹ کا پردہ چاک کیا گیا کہ ان کے پاس انکوائری رپورٹ موجود نہیں ہے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے فائر بریگیڈ کی ماڈرنائزیشن کے لیے مختص 23 کروڑ روپے کے بجٹ میں ہونے والی خرد برد پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام کے ٹیکس کے پیسوں کو بیدردی سے لوٹا جا رہا ہے ، کراچی ملک کو 60 فیصد اور صوبے کو 90 فیصد ریونیو دیتا ہے مگر اسے بدلے میں صرف 2 فیصد دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے سندھ حکومت کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کراچی کے مظلوم عوام، نوجوانوں، بیٹوں اور بیٹیوں نے آزاد کشمیر ایکشن کمیٹی کی طرز پر اپنی کمیٹیاں بنا لیں تو حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی، ایم کیو ایم پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اس معاملے کو ہائی کورٹ، نیب اور صوبائی اسمبلی میں پریولیج موشن (تحریکِ استحقاق)کے ذریعے اٹھائے گی اور کرپٹ نظام کے گٹھ جوڑ کو توڑ کر مظلوموں کو انصاف دلا کر رہے گی۔