ایمان، ہادی سزا معطلی کیس، ایڈیشنل اٹارنی جنرل و دیگر کو نوٹس
اسلام آباد ہائیکورٹ مقدمہ مقرر، سزا معطلی درخواست پر فیصلہ کرے :سپریم کورٹ ہائیکورٹ کے عبوری احکامات میں سپریم کورٹ مداخلت نہیں کرتی:جسٹس محمد علی
اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ نے ایمان مزاری اور بیرسٹر ہادی کی سزا معطلی سے متعلق درخواست پر ایڈیشل اٹارنی جنرل سمیت دیگر فریقوں کو نوٹس جاری کر کے کیس کی سماعت 21 جولائی تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ مقدمہ مقرر کرکے سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ کرے ۔ جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔ ایمان مزاری کے وکیل فیصل صدیقی نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ پہلے ہائیکورٹ کو دو ہفتوں میں سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت دے چکی تھی۔
بعد ازاں ہائیکورٹ نے کیس 20 مئی کو مقرر کیا پھر 4 جون کی تاریخ دی گئی مگر اس روز کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی اور آج تک مقدمہ مقرر نہیں ہوا۔ جلد سماعت کیلئے متفرق درخواست دائر کی گئی جو واپس کر دی گئی۔ ہماری گزارش ہے کہ ہائیکورٹ کیس مقرر کرکے فیصلہ کرے ، چاہے فیصلہ ہمارے خلاف ہی کیوں نہ ہو۔ چاہے پھانسی دے دیں لیکن مقدمہ تو سنا جائے ۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ عمومی طور پر سپریم کورٹ ہائیکورٹ کے عبوری احکامات میں بھی مداخلت نہیں کرتی جبکہ اس مقدمے میں تو ابھی ہائیکورٹ نے استغاثہ کو نوٹس بھی جاری نہیں کیے ۔