امریکی ریزیڈنسی پروگرام میں 1400 پاکستانی ڈاکٹرز منتخب
پاکستانی ڈاکٹروں کی عالمی کامیابیاں قوم کیلئے باعثِ فخر :صدرپی ایم ڈی سی
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)امریکہ کے ریزیڈنسی پروگرام میں 1400 سے زائد پاکستانی میڈیکل گریجویٹس کا انتخاب ہوا ہے ، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) پاکستانی میڈیکل گریجویٹس کی بین الاقوامی لائسنسنگ امتحانات اور بالخصوص امریکہ کے ریزیڈنسی پروگرام میں نمایاں کامیابیوں کو قابلِ فخر پیش رفت قرار دیتی ہے ۔ امریکہ میں میڈیکل ریزیڈنسی کے مواقع حاصل کرنے والے پاکستانی ڈاکٹروں کی بڑھتی ہوئی تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ پی ایم اینڈ ڈی سی کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات، جدید نصاب، بہتر طبی تعلیمی معیار اور مستقبل بین پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔صدر پی ایم اینڈ ڈی سی پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے کہا کہ نوجوان پاکستانی ڈاکٹروں کی عالمی کامیابیاں پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ ہر وہ گریجویٹ جو بین الاقوامی سطح پر کامیابی حاصل کرتا ہے ، وہ طلبہ، اساتذہ، طبی اداروں اور طبی تعلیم میں بہتری کے لیے کی جانے والی اصلاحات کی مشترکہ کاوشوں کی نمائندگی کرتا ہے ۔ پی ایم اینڈ ڈی سی مستقبل میں بھی طبی تعلیم کے معیار کو مزید بلند کرنے ، اداروں کی معاونت کرنے اور پاکستانی ڈاکٹروں کے لیے دنیا بھر میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے اپنے مشن کو جاری رکھے گی۔