جعلی ڈگریاں ،پنجاب کے 125 وکلا کے لائسنس معطل
شوکاز نوٹس جاری ،18جولائی کو ایگزیکٹوکمیٹی کے روبروپیش ہونے کی ہدایت پیش نہ ہونے پر فوجداری مقدمہ درج ہو گا ،دیگر مشتبہ ڈگریوں کی جانچ جاری
لاہور (کورٹ رپورٹر)پنجاب بار کونسل نے جعلی یا مشکوک قانون کی ڈگریوں کے معاملے پر 125 وکلا کے لائسنس معطل کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کر دئیے ہیں اور اصل تعلیمی اسناد اور ایل ایل بی کی ڈگریاں متعلقہ ثبوت کے ساتھ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل فخر حیات اعوان ایڈووکیٹ کی نگرانی میں ریکارڈ کی تفصیلی جانچ پڑتال کے دوران 125 وکلا کی ڈگریاں مشکوک یا جعلی پائی گئیں، جس پر ایگزیکٹو کمیٹی نے فوری طور پر ان کے وکالت کے لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کیا، دیگر مشتبہ ڈگریوں کی جانچ بھی تیزی سے جاری ہے ۔فخر حیات اعوان ایڈووکیٹ کے مطابق متعلقہ وکلا کو 18 جولائی کو ذاتی حیثیت میں ایگزیکٹو کمیٹی کے روبرو پیش ہو کر اپنی اصل تعلیمی اسناد، ایل ایل بی کی اصل ڈگری اور متعلقہ ثبوت جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ جو وکیل اپنی تعلیمی اسناد کی صداقت ثابت کرنے میں ناکام رہا یا بلاجواز پیش نہ ہوا، اس کا وکالت کا لائسنس قانون کے مطابق منسوخ کر دیا جائے گا جبکہ ضرورت پڑنے پر اس کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کئے جائیں گے۔