لیسکو افسروں کو مفت بجلی یونٹس ختم ،عام بل ملناشروع
30 سال میں پہلی بار افسروں کی آدھی تنخواہ بجلی کے بلوں کی نذر ہو گئی تمام کمپنیوں کیلئے یکساں پالیسی سے مفت بجلی سہولت ختم کی جائے :لیسکو افسر
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ،آن لائن) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)نے افسروں کی مفت بجلی یونٹس کی سہولت ختم کر دی ، اَب انہیں بھی عام شہریوں کی طرح بجلی کے بل ملنا شروع ہو گئے ۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق گریڈ 18 سے 20 تک کے لیسکو افسروں کو مفت بجلی یونٹس کی سہولت ختم کر دی گئی ہے اور انہیں بھی عام بل ملنا شروع ہو گئے ہیں۔30 سال میں پہلی بار افسروں کی آدھی تنخواہ بجلی کے بلوں کی نذر ہو گئی ۔لیسکو ذرائع نے بتایا کہ گریڈ 18 کے افسروں کو سالانہ 6 ہزار ، 19 کے افسروں کو 8 ہزار اورگریڈ 20 کے افسروں کو سالانہ 10 ہزار مفت بجلی یونٹس ملتے تھے ۔ذرائع نے بتایا کہ یہ فیصلہ دیگر ڈسکوز کے گریڈ 18 سے 20 تک کے افسروں کیلئے بھی کیا گیا تھا تاہم دیگر ڈسکوز نے عدالتوں سے حکم امتناع لیکر مفت بجلی بحال کروا لی۔لیسکو افسروں کا کہنا ہے کہ دیگر کمپنیوں کو مفت بجلی کی سہولت بحالی غیر قانونی ہے ، تنخواہ میں تمام مراعات شامل ہوتی ہیں۔ مفت بجلی کی سہولت ملک کے تمام اداروں سے ختم کی جائے ، وزارت توانائی تمام کمپنیوں کیلئے یکساں پالیسی کا اعلان کرے ۔