بنگلہ دیش میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ، 50 افراد جاں بحق
صدر مملکت اور وزیر اعظم کابنگلہ دیش میں جانی نقصان پر رنج و غم کا اظہار
ڈھاکہ،اسلام آباد(اے ایف پی،اے پی پی) بنگلہ دیش میں مون سون بارشوں کے باعث آنے والے شدید سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کم از کم 50 افراد ہلاک ہو گئے ، جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ۔ حکام کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ ضلع چٹاگانگ میں 50 اموات ہوئیں، جن میں 29 افراد مٹی کے تودے گرنے سے جاں بحق ہوئے ۔ متاثرہ علاقوں میں فوج اور سرحدی محافظ کشتیوں کے ذریعے خوراک، پینے کا پانی اور ضروری سامان پہنچا رہے ہیں۔ حکام نے بے گھر افراد کیلئے تقریباً 4 ہزار پناہ گاہیں قائم کر دی ہیں۔ ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے باعث شدید موسمی واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنگلہ دیش میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ،ایکس پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان بنگلہ دیش کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے ۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بھی بنگلہ دیش میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور وسیع پیمانے پر ہونے والی تباہی پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ وہ پاکستان کے عوام کی جانب سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی اور تمام متاثرہ افراد کی سلامتی کے لیے دعاگو ہیں۔