جڑواں شہروں سمیت پنجاب میں بارش،کئی علاقے زیر آب
پختونخوا میں شدید بارشوں کا امکان ، لینڈ سلائیڈنگ اور تودے گرنے کا خدشہ لاہور میں190فیڈرٹرپ کرگئے ، آج بھی بارش ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
اسلام آباد، راولپنڈی پشاور ،لاہور (نیوزایجنسیاں ) اسلام آباد اور راولپنڈی میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا ، خراب موسم کے باعث کئی پروازیں بھی متاثر ہوئیں، محکمہ مو سمیات کے مطابق آ ج بھی اسلام آباد، بالائی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے ۔ جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ،اس کے علاوہ لاہورسمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی ، لاہور میں بارش سے لیسکوکا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا، 190 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے اور مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی،ادھر گجرات کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ حافظ آباد،ڈسکہ اوروزیر آباد میں بھی بارش ہو ئی ۔ خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور تودے گرنے کا خدشہ ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران صوبے کے بالائی علاقوں میں اچانک سیلاب آ سکتا ہے ، تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی گرنے سے کمزور ڈھانچوں جیسے سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور بل بورڈز وغیرہ کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔
چترال اپر و لوئر دیر ، سوات، شانگلہ، ملاکنڈ، بونیر، باجوڑ، کوہستان ، تورغر میں تیز آندھی اور گرچ چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے ۔پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، اٹک، مری، چکوال، جہلم، میانوالی، سرگودھا، خوشاب، حافظ آباد، منڈی بہاء الدین، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، قصور، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان، خانیوال، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ اور بھکر میں بارش کا امکان ہے ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر صوبے بھر کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے جبکہ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بجلی کے کھمبوں، لٹکتی تاروں، کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں ، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔