آزاد کشمیر الیکشن:دوسرا مرحلہ،ن لیگ13،پیپلز پارٹی3:سابق وزیراعظم سردار تنویر قائم مقام صدر لطیف اکبر کامیابی حاصل نہ کرسکے
ن لیگ کے راجہ فاروق حیدر ، شاہ غلام قادر ناصر حسین، اسماعیل گجر ، احسن رضا ، مریم جاوید ، ذیشان یونس ، راجا صدیق اور پی پی کے عبدالماجد ، عامر عبدالغفار جیت گئے ایک حلقے میں پولنگ ملتوی، تصادم میں کارکن جاں بحق ، ایم این اے صلاح الدین ز خمی ، آئی پی پی کا تیسرے مرحلے کے بائیکاٹ کا اعلان ،کوئی اور نہیں بس شیر!الحمدللہ:مریم کاٹویٹ
مظفر آباد ، راولپنڈی ، لاہور (دنیا نیوز ، خبر نگار ، نیوز رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک )آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مر حلے میں بھی مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا ، مظفر آباد ڈویژن کی 7اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر مسلم لیگ نواز نے 13 سیٹوں پر کامیابی سمیٹ لی ، غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے مہاجرین کی 12 میں سے 10اور مظفر آباد ڈویژن کی 7 میں سے تین نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ مزید 2 حلقوں میں بھی ن لیگ کو برتری حاصل ہے ، پیپلز پارٹی کو مظفر آباد ڈویژن سے اب تک صرف ایک نشست اور مہاجرین کی دو سیٹوں پر کامیابی ملی ہے ،مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کر لی جبکہ دوسری سیٹ پر بھی انہیں برتری حاصل ہے ، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے بھی مدمقابل اشفاق ظفر کو شکست دیکر کامیاب ہوگئے ، آئی پی پی کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار تنویر الیا س ، پیپلزپارٹی کے رہنما اور قائم مقام صدر چودھری لطیف اکبر کامیاب نہ ہوسکے ، الیکشن کے دوسرے مرحلے میں پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جسے پانچ بجے ختم ہونا تھا تاہم الیکشن کمیشن نے مظفرآباد ڈویژن میں پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھا دیا، مظفرآباد ڈویژن کے ووٹرز نے شام 6 بجے تک حقِ رائے دہی استعمال کیا ، ووٹرز کی زیادہ تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹہ توسیع کی گئی جبکہ مہاجرین کے 12 حلقوں میں پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک مقررہ وقت پر اختتام پذیر ہوئی۔
موسم کی خرابی کے باعث حلقہ ایل اے 27 مظفرآباد 1کوٹلہ میں پولنگ ملتوی کر دی گئی، جبکہ ایل اے 28 لچھراٹ کے 56 پولنگ سٹیشن پر پولنگ نہیں ہوئی ان حلقوں میں کل4 اگست کو دوبارہ پولنگ ہوگی، استحکام پاکستان پارٹی کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے نیلم سے شکست کے بعد آزاد کشمیر الیکشن کے تیسرے مرحلے کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ، انہوں نے آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے کے نتائج مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ وسطی باغ اور پاچھیوٹ سے بھی الیکشن نہیں لڑینگے ۔آئندہ دو روز میں پارٹی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریگی ، پولنگ کے دوران ایل اے 31 میں پی پی اور ن لیگ کے کارکنوں میں تصادم کے دوران پی پی کا ایک کارکن جاں بحق ہو گیا جبکہ حلقہ کھاوڑہ میں ممبر قومی اسمبلی صلاح الدین گولی لگنے سے زخمی ہوگئے ، غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مظفر آباد ڈویژن میں ایل اے 25 سے ن لیگ کے شاہ غلام قادر 8709ووٹ لے کرکامیاب قرار پائے جبکہ پیپلزپارٹی کے میاں عبدالو حید 7025ووٹ کے دوسرے نمبر پر رہے ، ایل اے 28 سے پی پی پی کے بازل علی نقوی کی 18759 ووٹوں کے ساتھ برتری ،ن لیگ کے چودھری شہزاد محمود 16960 ووٹ لیکر دوسر ے نمبر پر رہے ،ایل اے 29 سے پیپلزپارٹی کے سردار مختار خان جیت گئے ، ان کے مد مقابل ن لیگ کے افتخار گیلانی دوسرے نمبر پر رہے ،ایل اے 30سے ن لیگ کے مصطفی بشیر17749 ووٹ لیکر جیت گئے ،ایل اے 31 سے ن لیگ کے ثاقب مجیدراجہ بھی کامیاب ہوگئے ، پی پی کے چودھری لطیف اکبر سیٹ بچانے میں ناکام رہے ،ایل اے 32 سے ن لیگ کے راجا فاروق حیدر پیپلزپارٹی کے صاحبزادہ اشفاق ظفر کو شکست دیکر کامیاب ہوگئے ، ایل اے 33 سے پیپلزپارٹی کے دیوان علی خان چغتائی19085 ووٹ لیکر آگے جبکہ ن لیگ کے میاں رشید 15848 دوسرے نمبر پر رہے ۔
اسی طرح مہاجرین مقیم پاکستان کی 12 نشستوں پر غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ، ایل اے 34 جموں-1 سے مسلم لیگ (ن) کے ناصر حسین ڈار 1400 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ،ایل اے 35 جموں-2 سے مسلم لیگ (ن) کے چودھری اسماعیل گجر 3833 ووٹ حاصل کرکے کامیاب رہے ،جبکہ آزاد امیدوار چودھری سردار محمد غیاث خان 1629 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ،حلقہ ایل اے 36 جموں 3 سیالکوٹ سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار احسن حافظ رضا نے میدان مار لیا ، 140پولنگ سٹیشنوں کے غیر حتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن ) کے امیدوار احسن حافظ رضا نے 27 ہزار 218 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار چودھری احسن اسماعیل گجر ایڈووکیٹ 12 ہزار 980 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے ۔ ایل اے 37 سے ن لیگ کی مریم جاوید28664ووٹ لیکر کامیاب ہوگئیں ، جبکہ ان کے مد مقابل عثمان علیم 22040 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ، ایل اے 38 جموں 5 وزیرآباد سے ن لیگ کے ذیشان یونس 13608ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے ،مسلم لیگ ق کے اکبر ابراہیم 8749ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ،ایل اے 39 سے ن لیگ کے راجا محمد صدیق10981ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے ،ایل اے 40 سے پیپلز پارٹی کے عامر عبدالغفار 1435 لیکر کامیاب ہو گئے مسلم لیگ ن لیگ کے محمد نعیم خان 67ووٹ لیکر دوسر نمبر پر رہے ،ایل اے 41 سے مسلم لیگ ن کے امیدوارمحمدعامرشاہ نے میدان مار لیا، مسلم لیگ ن کے امیدوار1804 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے ۔ آزاد امیدوار صباء دیوان 1523 ووٹ لے کر دوسرے نمبر رہیں۔
ایل اے 42 ویلی-3 سے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سید شوکت علی شاہ کامیاب قرار پائے ،پیپلز پارٹی کے امیدوار عاصم شریف دوسرے نمبر پر رہے ،راولپنڈی کے حلقہ ایل اے 43 ویلی 4 سے مسلم لیگ (ن) کے یاسین لون 1276 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ، پاکستان پیپلز پارٹی کے جاوید بٹ 663 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ، جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے حمزہ مجید بزمی نے 370 ووٹ حاصل کئے ، حلقہ ایل اے 44 ویلی 5 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے احمد رضا قادری 2308 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے ، مسلم کانفرنس کی مہر النساء نے 740 ووٹ، پاکستان پیپلز پارٹی کے راشد اسلام بٹ نے 502 ووٹ لئے جبکہ جماعت اسلامی کے حنیف منظور ڈار نے 392 ووٹ حاصل کر سکے ، ایل اے 45 پیپلز پارٹی عبدالماجد خان 3448ووٹ جیت گئے ، غیر سرکاری نتائج کے مطابق مجموعی منظرنامے میں مسلم لیگ (ن) نے دوسرے مرحلے میں سب سے زیادہ نشستوں پر برتری حاصل کرتے ہوئے پوزیشن مستحکم کر لی ہے ، دوسری جانب قائم مقام صدر آزاد کشمیر چودھری لطیف اکبر نے الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کو دو خطوط ارسال کرد ئیے ، انہوں نے پولنگ کے دوران سکیورٹی ناکامی اور مبینہ بے ضابطگیوں پر کارروائی کا مطالبہ کردیا ۔ادھروزیراعلیٰ مریم نواز نے آزاد کشمیر انتخابات میں پنجاب کی تمام نشستوں پر مسلم لیگ (ن)کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی اور نہیں، بس شیر! الحمدللہ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ایکس پر جاری اپنے پیغام میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments