بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق اطلاعات تشویشناک، راجہ اظہر

بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق اطلاعات تشویشناک، راجہ اظہر

حکومت، جیل انتظامیہ کی جانب سے معلومات نہ دینے سے خدشات میں اضافہ ہورہا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر راجہ اظہر نے بانی عمران خان کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کی صحت کے بارے میں تمام حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں، مکمل طبی معائنہ، ذاتی و ماہر ڈاکٹروں تک رسائی اور ضرورت پڑنے پر الشفا یا شوکت خانم اسپتال منتقل کرنے کی سہولت فراہم کی جائے ۔ انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ اظہر نے کہا عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی متاثر ہونے جبکہ دوسری آنکھ سے متعلق بھی تشویشناک اطلاعات سامنے آرہی ہیں، حکومت اور جیل انتظامیہ کی جانب سے واضح معلومات فراہم نہ کیے جانے سے عوام کے خدشات میں اضافہ ہورہا ہے ، عمران خان کی صحت کسی سیاسی مفاد کا معاملہ نہیں بلکہ انسانی صحت اور زندگی کا معاملہ ہے ، اس لیے اسے سیاست سے بالاتر ہوکر دیکھا جانا چاہیے ، حکومت، پنجاب حکومت اور جیل انتظامیہ بانی کی صحت سے متعلق مکمل اور شفاف طبی رپورٹ سامنے لائیں، عمران خان کے اہلخانہ اور وکلا کو ملاقات کی اجازت نہ ملنا بھی تشویشناک ہے ۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی کے خلاف 300 سے زائد مقدمات میں وکلا کو اپنے موکل تک مؤثر رسائی نہ ملنے سے قانونی کارروائی متاثر ہورہی ہے ۔ پی ٹی آئی بانی کی صحت کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے ملک میں بڑھتی مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں مسلسل اضافے نے عام آدمی کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں اور ملک میں پٹرول کی قیمت کے درمیان فرق پر حکومت قوم کو مکمل وضاحت دے ۔ انہوں نے کہا جو سیاسی قوتیں ماضی میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کرتی رہی ہیں، آج اقتدار میں آکر عوام کی مشکلات پر خاموش کیوں ہیں، شہباز شریف حکومت عوام کو ریلیف دینے کے وعدے پورے کرے اور پٹرول کی قیمتوں، بجلی کے بلوں اور مہنگائی کے بوجھ میں کمی لائے ۔ راجہ اظہر نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی اپنے آئینی، قانونی اور جمہوری حق کے تحت پرامن احتجاج جاری رکھے گی۔ عمران خان کی رہائی، اہل خانہ اور وکلا کو رسائی، شفاف مقدمات اور بنیادی حقوق کی بحالی کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...