سانحہ پمز :انکوائری مکمل، فوجداری مقدمات ہونگے :طارق فضل

سانحہ پمز :انکوائری مکمل، فوجداری مقدمات ہونگے :طارق فضل

فوٹیج ، نامزد افسران کے بیانات رپورٹ کا حصہ، آئی جی کو ارسال کر دی گئی 2 روز میں حتمی رپورٹ جمع ہوگی ،نامزد افراد کی غلطی یا غفلت کا تعین ہوگا :وفاقی وزیر

 اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پمز نرسری میں 14 نوزائیدہ بچوں کی اموات کے حوالے سے وفاقی پولیس نے انکوائری مکمل کرکے رپورٹ آئی جی اسلام آباد کو ارسال کردی ، رپورٹ وزارت داخلہ کو بھی بھجوا ئی جائے گی ، ذرائع کے مطابق انکوائری رپورٹ میں نامزد افسران کے تحریری بیانات، لوکیشن، پمز کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور سیف سٹی کیمروں کی فوٹیج بھی شامل کی گئی ،پولیس نے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز عمران سکندر، پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ، ڈاکٹر نغم، ڈاکٹر مطاہر، چودھری وارث، علی رضا، ڈاکٹر نوشیلا امجد، ڈاکٹر محمد عثمان،ڈاکٹر عبدالر حمن کے بیانات ریکارڈ کئے ، جبکہ بچوں کو بچانے والی نرس رضیہ کا بیان بھی لیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام کارروائی دفعہ 174 کے تحت کی گئی ،دوسری جانب سانحہ پمز کا معاملہ فوجداری تحقیقات اور عدالتی کارروائی تک پہنچ گیا۔

پولیس نے پمز کے معطل افسران کے بیانات ریکارڈ کرنا شروع کرد ئیے ہیں جبکہ نامزدتمام افسران کے بیانات بھی قلمبند کئے جائیں گے ،تحقیقات وزیراعظم کی جانب سے قائم انکوائری کمیٹی کی رپورٹ اور سفارشات کی روشنی میں آگے بڑھائی جارہی ہیں۔اس حوالے سے وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ سانحہ پمز کے ذمہ دار ان کے خلاف آئندہ 2 سے 3 روز میں مقدمات درج ہونا شروع ہوجائیں گے ۔ ان کے مطابق ابتدائی رپورٹ کے بعد ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت 8 افراد کو معطل کیا گیا جبکہ کمیٹی آئندہ 2 روز میں اپنی حتمی رپورٹ جمع کرائے گی، جس میں آٹھوں افراد کی غلطی یا غفلت کا تعین کیا جائے گا ، اس کے بعد ہر فرد کے خلاف انفرادی طور پر مقدمات درج کیے جائیں گے ۔ڈاکٹر طارق فضل نے کہا کہ پولیس اپنی تفتیش بھی کررہی ہے جبکہ وزارت کا لا ڈپارٹمنٹ بھی معاملے پر کام کررہا ہے ، ان کا کہنا تھا کہ 2 سے 3 روز میں پولیس فوجداری قوانین کے تحت پرچے درج کرنا شروع کردے گی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کی حتمی اجازت کے بعد مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...