اسحاق ڈار کا سعودی اورترک وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ
مکہ ڈیفنس الائنس کے تحت تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال مصری ہم منصب کابھی فون ، نارویجن ہم منصب سے شاہِ ناروے کے انتقال پر افسوس
اسلام آباد (دنیا نیوز ، نیوزایجنسیاں )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ترک وزیر خارجہ حاکان فیدان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاک سعودیہ وزرائے خارجہ نے علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، مکہ دفاعی معاہدے کی سٹر ٹیجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے استنبول اجلاس میں طے پانے والی مفاہمت پر بھی بات چیت ہوئی جبکہ اس پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان سے گفتگو میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سٹر ٹیجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے افتتاحی اجلاس کی استنبول میں میزبانی کرنے پرترک وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اجلاس میں طے پانے والی مفاہمت پر عمل درآمد کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا اور مکہ دفاعی اتحاد کے تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا اور قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
ادھرمصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزرائے خارجہ نے علاقائی سلامتی کے معاملات پر رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔دریں اثنا نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور شاہِ ناروے ہیرالڈ پنجم کے انتقال پر پاکستان کی جانب سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ نائب وزیراعظم نے ناروے کے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو 9 ستمبر کو اوسلو میں ہونے والی شاہ ہیرالڈ پنجم کی آخری رسومات میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے نامزد کیا ہے ۔ دوسری طرف اسحاق ڈار نے یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر اپنے پیغام میں 6 ستمبر 1965ء کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ مسلح افواج نے 6 ستمبر 1965ء کو غیر معمولی جرات اور قربانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن کا دفاع کیا، شہداء اور غازیوں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر اور مشعلِ راہ ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments