ہر شہر اور گائوں کی ترقی ہمارا ہدف، پنجاب بہترین صوبہ بنے گا : مریم نواز

ہر شہر اور گائوں کی ترقی ہمارا ہدف، پنجاب بہترین صوبہ بنے گا : مریم نواز

ترقیاتی منصوبوں کو خودمانیٹرکررہی:وزیراعلیٰ ،پاکپتن کے ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقات ، ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال میجر عزیز بھٹی شہید کی قربانی پر پوری قوم کو فخر ،وطن پرجانیں نچھاور کرنے والے شہدا پوری قوم کے ہیروہیں :وزیراعلیٰ

لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاہے کہ پنجاب کے ہر شہر اور گاؤں کی ترقی اور بہتری ہماراہدف اورنصب العین ہے ، جس کے لئے دن رات کوشاں ہیں ،پنجاب بہترین صوبہ بنے گا ،ہر شہر اور ہر علاقے کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی خود مانیٹرنگ کررہی ہوں۔مریم نواز شریف سے گزشتہ روز پاکپتن کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں عوامی مسائل، ضروریات اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کرنے والوں میں فاروق احمد مانیکا، چودھری جاوید احمد، عمران اکرم اور سردار منصب علی ڈوگر شامل تھے۔

ارکان اسمبلی نے پاکپتن میں اربن اور رورل ڈویلپمنٹ سے متعلق تجاویز پیش کیں اور الیکٹرو بس کے اجرا سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے شروع کرانے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ ارکان اسمبلی نے پاکپتن میں الیکٹرو بس منصوبے کو دہائی کا گیم چینجر قرار دیا۔ مریم نواز نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ پاکپتن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے معیار، رفتار اور شفافیت پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکپتن سمیت ہر شہر اور گاؤں کی ترقی اور بہتری ہمارا نصب العین ہے ، مجھے خوشی ہے کہ برسوں سے نظر انداز پاکپتن بھی ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ نے 1965 کی جنگ کے ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہید کی موت قوم کے لئے حیاتِ نو کا پیغام ہوتی ہے ۔ میجر عزیز بھٹی شہید نے دھرتی کی حفاظت کرتے ہوئے بے مثال بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ کیا اور وطن کے دفاع کیلئے اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کیا۔مریم نواز نے کہا کہ دفاعِ وطن کیلئے میجر عزیز بھٹی شہید کی قربانی پر پوری قوم کو فخر ہے ۔ وطن عزیز کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہدا پوری قوم کے ہیرو اورہمار ا فخر ہیں،انہیں سلام پیش کرتے ہیں اور قوم ان کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...