ٹیکسز: کل اسلام آباد میں 2گھنٹے کاروبار بند رکھنے کا اعلان
جمعرات کو سہ پہر 3 سے شام 5 بجے تک آبپارہ چوک میں احتجاج کیا جائیگا مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو شٹر ڈائون اور وزیراعظم ہاؤس تک مارچ ہوگا،اجمل بلوچ
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ) آل پاکستان انجمن تاجران کے رہنما اجمل بلوچ نے مہنگی بجلی، ٹیکسز اور انتظامی اقدامات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کل 8 اکتوبر کو سہ پہر 3 سے شام 5 بجے تک دکانیں بند رکھی جائیں گی اور تاجر اپنی مارکیٹوں کے باہر احتجاج کریں گے ۔مہنگی بجلی، ٹیکسز اور انتظامی اقدامات کے خلاف آبپارہ چوک میں احتجاج کیا جائیگا۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں تاجر رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اجمل بلوچ نے کہا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی اور پورا اسلام آباد بند کرکے وزیراعظم ہاؤس کی طرف مارچ کیا جائے گا۔
انہوں نے ایف بی آر کے نظام پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تاجروں کو دفاتر کے چکر، نوٹسز اور مبینہ ہراسانی سے نجات دلانے کا مطالبہ کیا۔ اجمل بلوچ نے کہا کہ تاجروں کو کاروبار کے لیے سازگار ماحول، سستی بجلی، سکیورٹی، پارکنگ اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔شاپنگ بیگز پر پابندی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پہلے ان کی تیاری کرنے والی فیکٹریاں بند اور تاجروں و عوام کو سستا متبادل فراہم کیا جائے ۔ حکومت تاجروں کو اعتماد میں لے ، سمگلنگ روکے اور قانون پر عملدرآمد کے لیے واضح، یکساں اور باعزت طریقہ کار بنائے ۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولی کے لیے ایسا نظام متعارف کرایا جائے جس میں تاجر موبائل فون کے ذریعے خود ٹیکس ادا کرسکیں اور انہیں پہلے سے معلوم ہو کہ کتنا ٹیکس ادا کرنا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments