دہشتگرد جہاں بھی ہوئے ان پر سخت وار کرینگے:فیلڈ مارشل
بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد تنظیموں کیخلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری،عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دے گا:عاصم منیر چیف آف ڈیفنس فورسز کا کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ ،انسدادِ دہشتگردی آپریشنز، سرحدی انتظامات ،تعینات فوجی دستوں کی تیاریوں پر بریفنگ ،افسروں جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا:آئی ایس پی آر
راولپنڈی (خصوصی نیوز رپورٹر)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد تنظیموں کیخلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری ہیں، دہشتگرد جہاں بھی ہوئے ان پر سخت وار کریں گے ۔پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے گزشتہ روز کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، سرحدی انتظامات اور تعینات فوجی دستوں کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسروں اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور انہیں خطرات کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے مسلسل چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھی جائیں گی اور جہاں کہیں بھی دہشت گرد موجود ہوں گے ، انہیں سختی سے نشانہ بنایا جائے گا۔انہوں نے سکیورٹی فورسز کے شہدا اور غازیوں سمیت پاکستانی عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور ہیڈکوارٹرز پشاور پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments