چودھری سالک سے ایلیٹ فورس کی اضافی سکیورٹی واپس

چودھری سالک سے ایلیٹ فورس کی اضافی سکیورٹی واپس

تما م وزرا کو پنجا ب میں سکیورٹی دی جائیگی،صوبے سے باہر نہیں:ذرائع پولیس لیگل نوٹس بچگانہ:سالک، مثبت تنقید بھی برداشت نہیں ہورہی:ترجمان ق لیگ

لاہور،اسلام آباد(کرائم رپورٹر، نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر چودھری سالک سے پنجاب پولیس نے ایلیٹ فورس کی اضافی سکیورٹی  واپس لے لی۔مسلم لیگ (ق)کے ترجمان مصطفی ملک نے کہا سالک حسین سے ایلیٹ فورس کی سکیورٹی واپس لیے جانے کی اطلاعات درست ہیں ۔ وزیراعلیٰ دیکھ لیں ان سے مثبت تنقید بھی برداشت نہیں ہورہی،پنجاب حکومت کے اس فیصلہ سے ثابت ہو گیا کہ انکی ذہنیت کیا ہے ۔چودھری سالک حسین نے کرپشن کے خلاف کلمہ حق کہا، لوگوں کی دعائیں انکے ساتھ ہیں۔مصطفی ملک نے کہا کہ سکیورٹی کی واپسی سے کوئی پریشانی نہیں، اصل مسئلہ کرپشن ہے جس کی نشاندہی سالک حسین نے کی۔دوسری جانب ذرائع پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ تمام وفاقی وزرا کو پنجاب میں سکیورٹی دی جائے گی ،تاہم صوبے کی حدود سے باہر ایلیٹ فورسز کی سکیورٹی نہیں دی جائے گی۔

چودھری سالک نے کہا کہ پنجاب میں بے ضابطگیوں اور بدعنوانیوں کی طویل فہرست ہے اور وہ اپنے کرپشن سے متعلق بیان پر قائم ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے بھیجے گئے لیگل نوٹس کو بچگانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا بھرپور قانونی جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں منصوبے شروع کرکے ابتدائی ادائیگیاں جاری کی جاتی ہیں، پھر انہیں معطل کرکے نئے نام سے دوبارہ شروع کیا جاتا ہے ، جس سے قومی وسائل ضائع ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کسی ن لیگ مخالف گروپ سے ان کا کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی انہیں اس بارے میں علم ہے ۔ محسن نقوی کا بھی اس معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں ، چودھری سالک نے عظمیٰ بخاری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کل تک نواز شریف پر الزامات لگانے والی آج ان کی ترجمان بنی بیٹھی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ سرکاری وسائل سے فائدہ نہیں اٹھاتے اور نہ ہی ایسا کریں گے ، ہم سرکاری تھالیوں میں نہیں کھاتے اور نہ کھائیں گے ، یہ آپ کو ہی مبارک ہو۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...