احسن اقبال کی 10سال کیلئے سیاسی میثاق کی تجویز
لاہور (خبر نگار) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے سیاسی قوتوں کو آئندہ دس برس کیلئے سیاسی میثاق کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔۔۔
سرمایہ کار انہی معیشتوں کا رخ کرتے ہیں جہاں امن، استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ہو۔یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے 33ویں سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کا اظہار آئینی اور جمہوری دائرے میں رہ کر کیا جانا چاہیے اور دھرنوں و لانگ مارچ کے بجائے ترقی اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کو ترجیح دی جانی چاہیے ،ای ٹی کو پاکستان کا اعلیٰ تحقیقی مرکز بنانے کیلئے سینٹرز آف ایکسیلینس اور جدید لیبارٹریز قائم کی جائیں۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ یونیورسٹی کا سالانہ بجٹ 5.4 ارب سے بڑھا کر 8.5 ارب روپے کردیا گیا ہے ، جبکہ 9 ہزار طلبہ کو 1.4 ارب روپے کے وظائف فراہم کیے جا رہے ہیں۔
گزشتہ دو برس میں طلبہ کی تعداد 12500 سے بڑھ کر 25 ہزار ہوگئی اور 64 نئے تعلیمی پروگرام شروع کیے گئے ۔ جامعہ میں 24.79 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ کانووکیشن میں 2957 طلبہ و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں ،کانووکیشن میں یو ای ٹی کے مرکزی کیمپس لاہور سمیت کالا شاہ کاکو، فیصل آباد، نارووال اور گوجرانوالہ کیمپس کے طلبہ و طالبات نے ڈگریاں حاصل کیں۔ انسٹی ٹیوٹ آف بزنس اینڈ مینجمنٹ سے 423، کمپیوٹر سائنس سے 326، سول انجینئرنگ سے 185، آرکیٹیکچرل انجینئرنگ اینڈ ڈیزائن سے 163، الیکٹریکل انجینئرنگ سے 159، مکینیکل انجینئرنگ سے 139 اور سٹی اینڈ ریجنل پلاننگ سے 133 طلبہ و طالبات ڈگریاں حاصل کرنے والوں میں شامل تھے ۔بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان سمیت سفارتی و علمی شخصیات نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments