میثاق پاکستان کے بغیر بہتری نہیں آ سکتی:سعدرفیق

 میثاق پاکستان کے بغیر بہتری نہیں آ سکتی:سعدرفیق

اقبال کے افکار پر عمل ہو گا تو اجارہ داریاں ختم اورعام آدمی کی سنی جائیگی ایرانی اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہیں: اورنگزیب کھچی ودیگر مقررین

لاہور (سٹاف رپورٹر)سابق وفاقی وزیر سعد رفیق نے کہا ہے کہ میثاق پاکستان کے بغیر بہتری نہیں آ سکتی،اقبال کے افکار پر عمل ہو گا تو اجارہ داریاں ختم اورعام آدمی کی سنی جائیگی،ایوان اقبال کمپلیکس کے زیراہتمام یوم اقبال کے موقع پر فکر اقبال اور آج کا پاکستان کے عنوان سے 150 سالہ اقبال تقریبات کے باقاعدہ آغاز کے موقع پر انہوں نے کہا کہ اقبال کی سوچ سے ایرانی منزل پا گئے ،ترک آگے نکل گئے لیکن اقبال کے اپنے دیس میں عمل نہیں کیا گیا۔ ان حالات میں ملک کو قائد اور اقبال کا پاکستان نہیں بنایا جا سکتا ۔ جب تک ملک کے تمام سٹیک ہولڈرز  میثاق پاکستان نہیں کریں گے بہتری نہیں آ سکتی، وفاقی وزیر اورنگزیب خان  کھچی نے کہا کہ اقبال کے اصل مخاطب نوجوان تھے جن میں خصوصی طور پر طالبات بھی شامل ہیں،انہوں نے کہا نوجوان نسل صداقت اور شجاعت سے کام لے گی تو ہی وہ دنیا کی امامت کر سکے گی۔

سینئر صحافی سلمان غنی کا کہنا تھا اقبال ایک کیفیت،جذبے اور سوچ کا نام ہے ایرانی قوم اقبال شناس ہے ،وہ علامہ کے افکار پر عمل پیرا ہے ،پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کی وجہ سے روشن ہے ۔انہوں نے مزید کہا ہم دفاعی اور سفارتی محاذ پر تو کامیابیاں سمیٹ رہے ہیں مگر ہمارا المیہ ہے کہ اقبال نے جس ملک کا نظریہ پیش کیا وہ ہم حاصل نہیں کر سکے ،یہ نہیں ہو سکتا کہ ایک ہاتھ میں ایٹم بم ہو اور دوسرے میں کشکول،اس کشکول کو توڑنا ہو گا،ترقی کیلئے نوجوانوں کو تعلیمی وسائل مہیا کرنا ہو ں گے ،نوجوانوں کو اپنی سوچ اور اپروچ کو پاکستانی بنانا ہو گا۔چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نے اپنے خطاب میں کہا اقبال مذہبی قومیت کے قائل تھے ،ان کی شاعری میں خواتین کی بڑی اہمیت ہے ،اقبال کا فکری نظریہ ہی قیام پاکستان کا سبب بنا ۔وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی ڈاکٹر عمر چودھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقبال کا مرکز و محور نوجوان تھے ،شاعر مشرق یقیں محکم،عمل پیہم اور محبت فاتح عالم کے پرچارک تھے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...