بنوں ،لکی مروت میں8دہشتگرد ہلاک،کانسٹیبل سمیت2پولیس اہلکار شہید

بنوں ،لکی  مروت  میں8دہشتگرد  ہلاک،کانسٹیبل  سمیت2پولیس  اہلکار  شہید

گیدڑ کیمپ میں فورسز کا آپریشن،4 خوارج مارے گئے ،2 ایل ایم جیز، 7 ایس ایم جیز، 8 دستی بم ، گولہ بارود برآمد بیگوخیل روڈ پر پولیس پر حملہ کرنیوالے 4خارجی ہلاک ، ڈی آئی خان میں فائرنگ سے کانسٹیبل اسحاق نے شہادت پائی

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) بنوں اور لکی مروت میں 8دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ فائرنگ اور تشدد سے کانسٹیبل سمیت 2پولیس اہلکار شہید ہوگئے ۔بتایا گیا کہ سکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں کے علاقے گیدڑ کیمپ میں کی جانے والی کارروائی میں فتنہ الخوارج کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق گیدڑ کیمپ میں خوارج کی موجودگی کی تصدیق کے بعد سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے انہیں نشانہ بنایا، سرچ آپریشن کے دوران چھپے ہوئے 2 زخمی خوارج کی فائرنگ کا سکیورٹی فورسز نے مؤثر جواب دیتے ہوئے دونوں کو ہلاک کردیا۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے کارروائی کے دوران 2 ایل ایم جیز، 7 ایس ایم جیز، 8 دستی بم اور گولہ بارود برآمد کرلیا، کارروائی کے دوران ٹی ٹی پی کا پرچم، 6 موبائل فون، بندوقوں کی بیلٹس اور دیگر سازوسامان بھی برآمد کیا گیا۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔

دریں اثنا ضلع لکی مروت میں پولیس نے دہشتگردوں کے حملے کا بھرپور جواب دیتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں 4 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ان کی لاشیں اور زیر استعمال اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا۔ترجمان لکی مروت پولیس کے مطابق تھانہ لکی سٹی کی حدود میں بیگوخیل روڈ پر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لکی مروت سجاد احمد صاحبزادہ کی قیادت میں پولیس، کوئیک رسپانس فورس (کیو آر ایف) اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن شروع کیا۔اس دوران میلہ شہاب خیل کے قریب سرکنڈوں کے جنگلات میں دہشتگردوں سے پولیس کا آمنا سامنا ہوا، جہاں اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا۔ دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں 4 خارجی دہشتگرد ہلاک ہوگئے ۔ علاوہ ازیں ڈیرہ اسماعیل خان میں گرہ حیات کے قریب نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے اندھادھند فائرنگ کر کے ڈیوٹی پر مامور پولیس کانسٹیبل طارق کو شہید کر دیا۔مزید برآں ضلع بنوں کے علاقے تازیری چوک میں نامعلوم افرادنے ایک پولیس اہلکارپر تشدد کیاجس کے نتیجے میں اہلکارشہید ہوگیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...