محمد اکرم سندھی بحالی و ترقی فٹ بال کمیٹی کے چیئرمین مقرر

لاہور کے میاں عباس پیٹرن ان چیف ہوگئے ، آصف خاکوانی کا بحیثیت صدر انتخاب
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) گزشتہ روز کمیٹی برائے بحالی و ترقی فٹ بال پنجاب نے میاں عباس پیٹرن ان چیف کی منظوری کے بعد محمد اکرم سندھی کو چیئرمین برائے کمیٹی منتخب کر لیا ہے ۔ ملتان سے تعلق رکھنے والے محمد اکرم سندھی فٹ بال کی ترقی و ترویج میں بے لوث لگن اور غیر جانبدارانہ کردار کے حوالے سے معتبر شخصیت ہیں۔ ٹور نٹو کینیڈا میں مقیم پاکستانی نژاد محمد اکر م سندھی اونٹاریو فٹ بال ایسوسی ایشن کے علاوہ غیر ملکی فٹبال لیگز کے کوچ بھی رہے ہیں۔ اس موقع پر میاں عباس نے محمد اکرم سندھی کی بحیثیت چیئرمین تعیناتی کمیٹی کے اغراض و مقاصد میں احسن طریقے سے کردار ادا کرنے میں معاون ہوگی۔ پاکستان میں پچھلے دو سال سے زائد عرصہ سے جاری فٹ بال کی سرگرمیوں پر طاری جمود ختم کرنے کیلئے پاکستانی فٹبال کے سابق انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے فٹبال کی سرگرمیوں کے تعطل کو ختم کرنے اور پاکستانی فٹ بال کو بین الاقوامی میعار پر لانے کیلئے کمیٹی تشکیل دی ہے ۔اس کمیٹی کا بنیادی مقصد پاکستانی کھلاڑیوں کیلئے مقامی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر ڈپارٹمنٹ اور کلب لیول پر ٹورنامنٹ اور لیگز کا تسلسل قائم رکھنا ہے تاکہ فٹ بالرز کیلئے روزگار کے بہتر ذرائع سے معاشی آسودگی لائی جا سکے ۔ لیجنڈز کے ذریعے موجودہ کھلاڑیوں کو گراس روٹ لیول پر نصابی اور عملی تربیت دینا، فٹ بال کی مقبولیت میں اضافہ اور شائقین کو کھیل کے میدان میں لانے کیلئے عملی اقدامات، ویٹرن کھلاڑیوں کی بین الااقوامی مقابلہ جات میں شمولیت اوران کے تجربے سے بھرپور استفادہ حاصل کرنا ہے ۔ کمیٹی کے عہدیداران کی تفصیل یہ ہے : میاں عباس (لاہور ) پیٹرن ان چیف، محمد اکرم سندھی (ٹورنٹو کینیڈا) چیئرمین، آصف خاکوانی (بہاولنگر) صدر، ممبران میں غلام سرور ٹیڈی (لاہور)، شرافت علی ( ملتان)، زاہد لقمان (جڑانوالہ)، محمد امتیاز بٹ ( فیصل آباد)، ہارون یوسف (منڈی بہاؤالدین )، آغا محمد اجمل (لاہور)، امجد زکریا (کبیر والا)، تنویر الحسنین (لاہور)، محمد عامر (لاہور)، اشفاق احمد( ساہیوال)، طارق متیرا (بہاولنگر)، نوید اکرم (ملتان) اور محمد خالد خان (لاہور) شامل ہیں۔