حیدر آباد میں ایک مرتبہ پھر فٹ بال کی رونقیں بحال
کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا بھرپورموقع ملنا چاہئے ، کھیل کے فروغ کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، میئرطیب حسین لیژ لیگز کی افتتاحی تقریب سے ریاض احمد کا بھی خطاب ، شہروز رضوی،راشد صدیقی، رضا خان اور نیاز قریشی موجو دتھے
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) حیدر آباد میں فٹ بال کی رونقیں عرصہ دراز کے بعد ایک بار پھر بحال ہوگئیں۔ یہ بات میئر طیب حسین نے اکبر ی گراؤنڈ لطیف آباد نمبرآٹھ پر لیثر لیگز فٹ بال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ لیثر لیگز کے عہدیداروں نے انتہائی منظم اور پروفیشنل انداز میں ایونٹ منعقد کیا ہے ۔ ٹیموں کا جوش و خروش ، شائقین کی دلچسپی اور والدین کی اپنے بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے گراؤنڈ میں موجودگی اس بات کی غما زہے کہ سب حیدرآباد میں فٹ بال کے فروغ کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں۔لیثر لیگز کی انتظامیہ کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہیں اور توقع ہے کہ نوجوان فٹبالرز کو تسلسل کے ساتھ صلاحیتوں کے اظہار کیلئے بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں گے جو آگے چل کر راشد صدیقی جیسے سپر اسٹار بنیں گے جنہوں نے ناصرف حیدرآباد بلکہ پاکستان کا سبز ہلالی پرچم پوری دنیا میں روشن کیا۔بحیثیت ممبر قومی اسمبلی حیدرآباد میں کھیلوں کی ترقی کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے ہیں گوکہ آج بلدیاتی نظام میں ماضی کی طرح وسیع اختیارات تو ہمیں حاصل نہیں لیکن محدود وسائل میں رہتے ہوئے حیدرآباد میں فٹبال کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے ۔اس موقع پر محمد آصف، سید شہروز رضوی، ریاض احمد، وقاص عبدالرزاق، رضا ا ﷲ خان، نیاز احمد قریشی، راشد صدیقی، فرقان خان، کلیم خان اور دیگر عمائدین موجود تھے۔ریاض احمد نے اپنے خطاب میں مہمان خصوصی طیب حسین سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ افتتاحی تقریب میں آمد کو یقینی بنا کر انہوں نے کھیلوں سے محبت کا بھرپور ثبوت دیا ۔ ریاض احمد کے مطابق کھلاڑیوں نے آن لائن اپنی ٹیموں کو لیثر لیگز میں رجسٹرڈ کرا یا اور وہ دن دور نہیں جب لیثر لیگز میں شریک حیدرآباد کے باصلاحیت کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر خود کو منوائیں گے ۔